پاکستان میں دہشتگردی کے ذمہ داروں کو افغان انٹیلی جنس ادارے مالی اور مادی مدد دیتے ہیں ، رحمان ملک ، افغان اور بھارتی انٹیلی جنس اداروں کا اتحاد موجودہ صورتحال کا ذمہ دار ہے ، نجی ٹی وی سے بات چیت

جمعرات 19 فروری 2015 09:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19فروری۔2015ء) سابق وزیر داخلہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اے رحمان ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے ذمہ دار افغانستان میں بیٹھے ہوئے ہیں اور افغان انٹیلی جنس ادارے انہیں مالی اور دیگر معاونت فراہم کرتے ہیں ، افغان حکومت کو ان کیخلاف کارروائی کرکے اپنے عزم کو ثابت کرنا ہوگا ۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں بار بارعرصہ دراز سے کہہ رہا ہوں کہ مجھے بڑے پیمانے پر خون نظر آرہا ہے مگر حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی ۔

(جاری ہے)

ان واقعات پر حکومت کا ردعمل جاندار نہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں گرفتار ہونے والے یہ اعتراف کرچکے ہیں کہ افغان انٹیلی جنس ادارے انہیں مالی اور مادی تعاون فراہم کرتے ہیں ۔ افغان حکومت کے دہشتگردی کیخلاف تعاون کے عزم کے بارے سوال پر رحمان ملک نے کہا کہ سابق افغان صدر حامد کرزئی بھی بہت یقین دہانیاں کراتے رہے مگر اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ۔ افغانستان اور بھارت کے انٹیلی جنس ادارے مل کر اس صورتحال کے ذمہ دار ہیں یہ درست ہے کہ موجودہ افغان حکومت بھی تعاون کے دعوے کررہی ہے مگر اسے وہاں بیٹھے دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرکے اس کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا

متعلقہ عنوان :