مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قرارادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں،نوازشریف،اپنی سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، جی ایس پی پلس سے برآمدات میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ ہوا،وزیراعظم کی یورپی پارلیمانی وفد اور برطانوی وزیر سے الگ الگ ملاقاتوں میں بات چیت

بدھ 18 فروری 2015 09:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 18فروری۔2015ء)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی پارلیمنٹ سے اپنے رابطے بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے، دونوں پارلیمان کے درمیان مشاورت کا باقاعدہ طریق کار ہونا چاہئے،اپنی سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قرارادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یورپی پارلیمنٹ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے یہاں وزیر اعظم ہاؤس میں نواز شریف سے ملاقات کی ۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جی ایس پلس درجے کے حصول سے پاکستان کو فائدہ پہنچاہے، پاکستان یورپی یونین سے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے،انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمنٹ کے درمیان مشاورت کاطریقہ کار وضع کرنا چاہیے،یورپی یونین سے پاکستان کو جی ایس پی پلس درجہ ملنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس کے نتیجے میں یورپی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراراددو ں کے مطابق حل ہونا چاہیے ،اپنی سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں اور اس مقصد کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں،وفد نے کہا کہ یہ ان کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔ وفد نے پشاور میں آرمی پبلک سکول پر حملہ میں ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے وفد میں لارس گنبر وجے مارک،جین لیمبرٹ،رچرڈ ہاوٹ،مائیکل گالہر اور سجاد کریم شامل تھے۔ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری بھی موجود تھے۔دریں اثناء وزیر اعظم نوازشریف سے برطانوی کابینہ کی وزیر فرانسس ماوڈے نے ملاقات کی ،ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوستانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ،وزیر اعظم نواز شریف پاکستان اور برطانیہ کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہرے تعلقات قائم ہیں ،دونوں ممالک کے درمیان وفود کا تبادلہ اچھے تعلقات کی نشاندہی کرتا ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ سول سروس میں اصلاحات کا عمل شروع ہوگیا ہے اور ذاتی طور پر اصلاحات کے ایجنڈے میں اصلاحات لارہا ہوں ،وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی معاشرے کو دہشتگردی سے پاک کریں گے اور اس حوالے سے قومی ایکشن پلان تیار کیا ہے اور اس پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے جس مثبت اثرات جلد از جلد عوام تک پہنچیں گے ۔