سانحہ بلدیہ ٹاؤن پر حکومت کی مصلحت کا شکار نہیں ہوگی،پرویز رشید ،مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے حکومت کی قربانی دینا پڑی تو دیں گے،جوڈیشل کمیشن بنانے کو تیار ہیں مگر تحریک انصاف ٹرمز آف ریفرنس پر راضی نہیں،نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 17 فروری 2015 09:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17فروری۔2015ء)وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹرپرویز رشید نے کہا ہے کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن پر حکومت کی مصلحت کا شکار نہیں ہوگی،مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے حکومت کی قربانی دینا پڑی تو دیں گے،جوڈیشل کمیشن بنانے کو تیار ہیں مگر تحریک انصاف ٹرمز آف ریفرنس پر راضی نہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں سانحہ بلدیہ ٹاؤن کو بھی ایکشن پلان جتنا وقت دیا گیا۔

سانحہ بلدیہ ٹاؤن پوری قوم کا امتحان اور ایک چیلنج ہے،بلدیہ ٹاؤن کے ذمہ داروں کو بے نقاب اور ملزموں کو سزائیں ملنی چاہئیں،سانحہ بلدیہ ٹاؤن سانحہ شکارپور کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا،حکومت کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوگی،مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے حکومت کی قربانی دینا پڑے تو دیں گے،مجرموں کو سزا ملنی چاہئیں وہ کسی عدالت سے بھی ہو۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ شفاف الیکشن کیلئے بہت اقدامات کئے ہیں اور بہت سے کرنے کی ضرورت ہے،ہم جانتے ہیں کہ تحریک انصاف پارلیمنٹ میں آئے،الیکشن ریفارمز کمیٹی میں بھی آئیں اور اصلاحات کیلئے تجاویز دیں،انتخابی اصلاحات کا حصہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اردو بازار سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور وزیراعظم کی تقریر سمیت الزامات کی فہرست تیار کردیں،جوڈیشل کمیشن بنانے کو بھی تیار لیکن تحریک انصاف ٹرم آف ریفرنس پر راضی نہیں ہے