پاکستان نے نیوکلیئر گروپ کا ممبر بننے کیلئے لا بنگ شروع کر دی ، گروپ میں شا مل 49 ممالک کی حمایت حاصل کرنے کیلئے ان سے رابطے کرنے کا فیصلہ، این پی ٹی پر دستخط کرنے کے حوالے سے بھی دوست ممالک سے مشاورت کی جائیگی‘ ذرائع

منگل 17 فروری 2015 09:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17فروری۔2015ء) پاکستان نے نیوکلیئر گروپ کا ممبر بننے کیلئے لا بنگ شروع کر دی ہے اور اس سلسلے میں گروپ کے پہلے سے موجود 49 ممالک کی حمایت حاصل کرنے کیلئے ان سے رابطے کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ این پی ٹی پر دستخط کرنے کے حوالے سے بھی دوست ممالک سے مشاورت کی جائے گی۔ ذرا ئع کے مطابق امریکی صدر باراک اوبامہ سے ٹیلیفونک گفتگو میں وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے نیوکلیئر گروپ کا ممبر بننے کی خواہش کا اظہار کیا گیا جس کے بعد وفاقی حکومت نے نیوکلیئر گروپ کا ممبر بننے کیلئے مطلوبہ شرائط پوری کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے سب سے پیشگی شرط یہ ہے کہ پہلے سے موجود 49 ممالک نئے ممبر کی حمایت کریں گے جبکہ ممبر شپ کا خواہشمند ملک این پی ٹی پر دستخط کرے گا جس کے بعد متعلقہ ملک ایٹمی ہتھیار کے پھیلاؤ جیسے اقدامات نہیں کرے گا جبکہ عالمی قوانین کو فالو کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پاکستان اور انڈیا نیوکلیئر گروپ کے ممبر نہیں ہیں۔ اگر پاکستان یا انڈیا گروپ کے ممبر بننے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو عالمی سطح پر انہیں ایٹمی ملک تصور کیا جائے گا۔ ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند کے مطابق نیوکلیئر گروپ کے ممبر ممالک اپنے ملک میں یورینیئم درآمد کرسکتے ہیں لیکن اسے مکمل طور پر پرامن مقاصد کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ نیوکلیئر سے انرجی کی پیداوار اور میڈیسن کی تیاری میں اسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس وقت 49 ممالک جو نیوکلیئر گروپ کے ممبر ہیں ان میں امریکہ‘ جاپان‘ چین‘ روس سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :