الیکشن کمیشن نے سینیٹ کے انتخابات کیلئے امیدواروں کی فہرست جاری کردی،کل 182 امیدواروں نے سینیٹ کی 52 نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ، 19 اور 20 فروری کو کاغذات نامزگی کی جانچ پڑتال کے بعد امیدواروں کی سکروٹنی کا عمل مکمل ہوگا،الیکشن کمیشن کو دس اداروں سے سکروٹنی کے عمل کیلئے فوکل پرسن کے نام موصول ہوچکے، اپنا کام شروع کردیا ، آٹھ مارچ کو سینیٹ کے الیکشن کیلئے پولنگ ہوگی

منگل 17 فروری 2015 09:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17فروری۔2015ء) الیکشن کمیشن نے سینیٹ کے انتخابات کیلئے امیدواروں کی فہرست جاری کردی‘ الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد سے جنرل سیٹ پر پاکستان پیپلزپارٹی کے راجہ عمران اشرف‘ ن لیگ کے اقبال ظفر جھگڑا ‘ چوہدری محمد اشرف گجر ‘ ایم کیو ایم کے سید ذوالفقار علی جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر پاکستان پیپلزپارٹی کی نرگس فیض ملک‘ ن لیگ کی راحیلہ مگسی اور نرگس ناصر ‘ ایم کیو ایم کی شمائلہ شہاب اور بسمہ آصف شامل ہیں‘ فاٹا سے آزاد امیدواروں کی تعداد 42 ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے ایک امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

پیر کے روز جاری ہونے والی حتمی فہرست میں پنجاب سے 7 جنرل سیٹوں پر ن لیگ کے 9 ‘ پاکستان پیپلزپارٹی کے 2 اور 2 آزاد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ پنجاب سے ہی خواتین کی مخصوص نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ ن کی 3 جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی ایک امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

(جاری ہے)

ٹیکنوکریٹ اور علماء کی دو سیٹوں پر ن لیگ کے راجہ محمد ظفر الحق اور ساجد میر جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ملک نوشیر خان انجم اور ملک عبدالرحمن صادق آزاد امیدواروں کی حیثیت سے سامنے آئے ہیں۔

سندھ سے پاکستان پیپلزپارٹی نے سات جنرل نشستوں پر سات امیدواروں کو سامنے لایا ہے جبکہ ایم کیو ایم نے آٹھ امیدواروں کاعذات نامزدگی صوبائی الیکشن کمیشن میں جمع کرائے ہیں۔ سندھ سے خواتین کی دو مخصوص نشستوں پر ایم کیو ایم کی چار جبکہ پیپلزپارٹی کی دو امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔ سندھ سے ٹیکنوکریٹ اور علماء کی نشت پر پاکستان پیپلزپارٹی نے فاروق ایچ نائیک ‘ عبدالرحمن ملک اور ایم کیو ایم نے عبدالقادر خانزادہ اور محمد علی خان سیف کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

خیبرپختونخواہ سے پاکستان تحریک انصاف کے چار امیدواروں نے جبکہ جاعت اسلامی کے دو ‘ جمعیت علمائے اسلام کے دو ‘ پاکستان مسلم لیگ ن کے ایک ‘ قومی وطن پارٹی کا ایک اور پاکستان پیپلزپارٹی کے دو ‘اے این پی کی ایک اور چار آزاد امیدواروں نے سینیٹ کی سات جنرل نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ خواتین کی دو مخصوص نشستوں پر سات امیدوار سامنے آئی ہیں جن میں ن لیگ کی ایک ‘ اے این پی کی ایک‘ جمعیت علمائے اسلام کی ایک‘ پی ٹی آئی کی دو اور دو آزاد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

کے پی کے میں ٹیکنوکریٹ اور علماء کی نشست پر جے یو آئی (ف) کے ایک‘ پی ٹی آئی کے تین‘ قومی وطن پارٹی کا ایک ‘ اے این پی کا ایک‘ پیپلزپارٹی کا ایک اور ایک آزاد امیدوار سامنے آیا ہے۔ اقلیتوں کیلئے مخصوص نشستوں پر جے یو آئی (ف) کے ایک‘ پی ٹی آئی کے دو اور اے این پی کے ایک امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ بلوچستان سے پاکستان مسلم لیگ ن کے چار امیدواروں نے جنرل سیٹ پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ جے یو آئی (ف) کے دو‘ نیشنل پارٹی کے دو ‘ بلوچستان نیشنل پارٹی کے ایک اور سات آزاد امیدوار جبکہ پاکستان ملی عوامی پارٹی کے دو امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ خواتین کی دو مخصوص نشستوں پر جمعیت علمائے اسلام کی دو‘ ن لیگ کی ایک ‘ پاکستان ملی عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی کی ایک امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ ٹیکنوکریٹ اور علماء کی سیٹ پر جے یو آئی (ف) کے دو‘ نیشنل پارٹی کے تین‘ ن لیگ کے دو ‘ پاکستان عوامی ملی پارٹی کے ایک اور ایک آزاد امیدوار نے اس نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

بلوچستان سے ہی اقلیتی نشست پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے دو‘ نیشنل پارٹی کے دو‘ ن لیگ کے دو ‘ پاکستان عوامی ملی پارٹی کے ایک اور ایک آزاد امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کل 182 امیدواروں نے سینیٹ کی 52 نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ تاہم 19 اور 20 فروری کو کاغذات نامزگی کی جانچ پڑتال کے بعد امیدواروں کی سکروٹنی کا عمل مکمل ہوگا۔

الیکشن کمیشن کو دس اداروں سے سکروٹنی کے عمل کیلئے فوکل پرسن کے نام موصول ہوچکے ہیں جنہوں نے اپنا کام شروع کردیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سال ریٹائر ہونے والوں میں سے جنرل سیٹوں سے 33 ‘ خواتین کی مخصوص نشستوں سے 9 ‘ ٹیکنوکریٹ اور علماء کی سیٹ سے 8 ‘ اقلیتوں کیلئے مخصوص نشستوں سے دو ممبران سینیٹ ریٹائر ہوجائیں گے ۔ الیکشن کمیشن آٹھ مارچ کو سینیٹ کے الیکشن کیلئے پولنگ کرائے گا۔