ترکی کے وزیر اعظم احمد داؤد اوگلو آج دو روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے ،ترک وزیر اعظم پاکستانی ہم منصب اور صدر ممنون حسین سے ملاقات کریں گے،ترک وزیر اعظم کے ہمراہ وزراء اور اعلی حکومتی عہدیدیداروں کا وفد بھی ہوگا،دونوں ممالک کے مابین مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کئے جانے کا امکان

منگل 17 فروری 2015 09:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17فروری۔2015ء)ترکی کے وزیر اعظم احمد داؤ اوگلو اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ جس میں کابینہ کے وزراء اور کئی اہم حکومتی عہدیدار شامل ہیں کے ہمراہ آج (منگل) کو دو روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے ،ترک وزیر اعظم کے وفد میں ترکی کے بزنس مین بھی شامل ہیں،جاری پریس ریلیز کے مطابق اپنے دورے کے دوران وہ پاکستان ،ترکی اعلی سطح کے سٹرٹیجک تعاون کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کے چوتھے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے ۔

وزیر اعظم نواز شریف اور ترکی کے وزیر اعظم سیشن اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے ،اس اجلاس میں دونوں ممالک کے وزراء بھی شریک ہوں گے ،یہ کونسل اکتوبر2009 میں تشکیل دی گئی تھی اب تک اس کے تین سیشن ہوچکے ہیں ،پہلا دسمبر 2010 ء میں انقرہ میں ،دوسرا مئی 2012 اسلام آباد،تیسرا ستمبر 2013 میں انقرہ میں ہو چکا ہے ،تیسرے کونسل اجلاس میں دونوں ممالک کے مابین اعلی سطح سٹرٹیجک تعاون کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور یہ اجلاس اسی سلسلے کی کڑی ہے ،داؤد اوگلو اگست2014 میں اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد پاکستان کا پہلی بار دورہ کررہے ہیں اس سے قبل انہوں نے بطور وزیر خارجہ پاکستان کا دورہ کیا تھا ۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران دونوں ممالک کے سربراہوں کے درمیان ملاقاتوں کے دوران مفاہمتی یادداشتوں اور متعدد معاہدوں پر دستخط بھی کئے جانے کا امکان موجود ہے ۔دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی جانب سے 2015 میں پاکستان ترکی بزنس فورم میں شرکت کا امکان بھی متوقع ہے ،ترکی کے وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران صدر ممنون حسین بھی ملاقات کریں گے جو ان کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے ۔اس کے علاوہ ترکی کے وزیر اعظم اپنے دورے میں دیگر تقریبات میں بھی شرکت کریں ۔

متعلقہ عنوان :