یوکرینی صد ر کا اپنی افواج کو لڑائی بند کرنے کا حکم ، یوکرین اور باغیوں نے منسک میں طے شدہ معاہدے کے تحت جنگ بندی کا فیصلہ کیا ہے

پیر 16 فروری 2015 08:42

کیف (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 16فروری۔2015ء)یوکرین کے صدر پیٹرو پوروشینکو نے روس نواز باغیوں کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد شروع ہونے سے کچھ دیر قبل ہی اپنے ملک کی افواج کو حکم دیا ہے کہ وہ لڑائی بند کر دیں۔صدر پوروشینکو نے کیف کے فوجی ہیڈکوارٹر سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے اپنے کمانڈروں کو ’دہشت گردوں‘ کے خلاف آپریشن کے دوران لڑائی بند کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’شاید امن کے لیے یہ آخری موقع ضائع نہ ہو۔‘یوکرینی صدر نے زور دے کر کہا کہ ’یوکرین نے ہمیشہ اپنی عالمی ذمہ داریاں پوری کی ہیں اور اس بار بھی پوری کرے گا۔‘مشرقی یوکرین سے آنے والی اطلاعات کے مطابق مقامی وقت کے مطابق رات کے دس بجے لڑائی میں کمی آئی جس وقت یوکرین اور باغیوں نے منسک میں طے شدہ معاہدے کے تحت جنگ بندی کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

جنگ بندی کا یہ معاہدہ جمعرات کو بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں روسی صدر ولادیمیر پوتن، فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند، جرمن چانسلر آنجیلا میرکل اور یوکرینی صدر پیٹرو پوروشینکو کے درمیان طے پایا۔اس سے قبل یوکرین میں ہفتے کی شب ہونے والی جنگ بندی سے قبل ملک کے مشرقی علاقے میں شدید لڑائی کے بعد یوکرینی صدر نے متنبہ کیا کہ جنگ بندی کے معاہدے کو زبردست خطرہ لاحق ہیں۔