وزیراعلیٰ شہباز شریف کی دوحہ میں قطر کے امیرشیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات ،پاک قطر اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق،قطر پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے تعاون کرے گا‘امیر قطر،پاکستان کی ترقی واستحکام دل سے عزیز ہے، گیس کی ضروریات پوری کرنے ،زراعت ،توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے‘شیخ تمیم بن حمد الثانی،قطر بجلی بحران کے خاتمے کیلئے پاکستان سے قابل قدر تعاون کررہا ہے، قطر کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں‘شہباز شریف،دوست ممالک کے تعاون سے اندھیروں پر قابو پا لیں گے، وزیر اعظم کی قیادت میں پاک قطر تعلقات کے نئے دور کاآغاز ہو چکاہے ، آنے والے دنوں میں قطر اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مزید فروغ پائے گا‘وزیراعلیٰ پنجاب کی امیر قطر سے گفتگو

پیر 16 فروری 2015 08:56

دوحہ /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 16فروری۔2015ء )وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے دوحہ میں قطر کے امیرشیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی،ملاقات کے دوران پاک قطر تعلقات کے فروغ اوراقتصادی ،معاشی و تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے کیاگیا۔ امیر قطر نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ قطر پاکستان میں قومی تعمیر وترقی کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اورتوانائی بحران سے نمٹنے کے لئے بھرپورتعاون کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوست ملک ہے اور ہمیں پاکستان کی ترقی و خوشحالی دل سے عزیز ہے ۔قطر کو پاکستان کی مشکلات کابخوبی اندازہ ہے،جن پر قابو کرنے کیلئے پاکستان کا ہر شعبہ میں بھرپورساتھ دیں گے۔ امیر قطر نے کہا کہ قطر گیس کی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ زراعت ،بجلی کی پیداواراورہنر مند افرادی قوت کے شعبے میں پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

امیر قطر نے کہا کہ ان کا ملک پاک قطر دوستی کے فروغ کیلئے وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کی حالیہ مساعی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اوران مخلصانہ کووشوں کے مثبت اثرات تجارتی و معاشی میدان میں تعاون کوفروغ دینے کے حوالے سے سے سامنے آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں دونوں ملکوں کے مابین تجارتی اورمعاشی تعلقات مزید مسحکم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ قطر خطے میں پاکستان کی اہمیت اورکردارسے بخوبی آگاہ ہے اور قطر کی حکومت ،قیادت اور عوام پاکستان کو ایک خوشحال اورترقی یافتہ ملک دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ پاکستان کا استحکام ہمارا اپنا استحکام ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے امیر قطر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قطر بجلی کے بحران کے خاتمے کیلئے پاکستان سے قابل قدر تعاون کررہا ہے اور ہم اپنے دوست ممالک کے تعاون سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قطر کی جانب سے قومی ترقی کے مختلف شعبوں اورتوانائی بحران کے خاتمے کیلئے تعاون لائق تحسین ہے۔پاکستان مختلف شعبوں میں قطر کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاک قطر تعلقات ایک نئی کروٹ لے رہے ہیں۔ قطر کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تجارتی و معاشی تعلقات بڑھانے کیلئے تعاون قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاک قطر تعلقات کے نئے دور کاآغاز ہو چکاہے اورہر آنے والے دن پا ک قطر تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں اور آنے والے دنوں میں قطر اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مزید فروغ پائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین مواقع موجود ہیں۔ پاکستان بالخصوص پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کررہی ہے ۔ قطر کے سرمایہ کارپنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی ساز گار ماحول پیدا کیا گیا ہے ۔ سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے سرمایہ کاری کی تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم شاہدخاقان عباسی اوروزیر اعظم کے ترجمان مصدق ملک بھی موجود تھے۔