بھارت سے میچ،’ٹیم ریڈی نہیں تو ریڈی ہونا پڑے گا‘شاہد افریدی ،سعید اجمل اور محمد حفیظ جیسے دو اہم سپنرز کے نہ ہونے سے کارکردگی پر فرق پڑ سکتا ہے ، ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی تیاریاں سو فیصد نہیں ،ا ٓج کل کرکٹ بہت تیز ہو گئی ہے،دوسری ٹیمیں موقع نہیں دیتیں ، سابق کپتان کی گفتگو

ہفتہ 14 فروری 2015 08:48

ایڈیلیڈ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14فروری۔2015ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راونڈر شاہد خان آفرید ی نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی تیاریاں سو فیصد نہیں لیکن بھارت کے خلاف میچ کے لیے کھلاڑیوں کو تیار ہونا ہی ہوگا۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے آفریدی کا کہنا تھا کہ عالمی کپ جیسے بڑے ایونٹ میں دوسری ٹیمیں موقع نہیں دیتیں اس لیے ٹیم کی کمزوریوں کو جلد از جلد دور کیا جانا ضروری ہے۔

ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کی تیاری کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ’دو وارم اپ میچز تھے وہ دونوں ہم جیتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ جب آپ اتنا بڑا ایونٹ کھیلنے آتے ہیں اور ورلڈ کی ٹاپ ٹیموں کے خلاف کھیلتے ہیں تو آپ کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنی کمزوریوں کو جلد از جلد ختم کر لیا جائے تو اسی کی کوشش ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اس ٹورنامنٹ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

’میں یہ نہیں کہوں گا کہ ہماری تیاریاں سو فیصد ہیں، ہاں اس کے قریب ہیں لیکن یہ ہے کہ اتنے بڑے ایونٹ کے لیے آپ کی تیاری سو فیصد ہونی چاہیے۔‘شاہد آفریدی نے کہا کہآج کل کرکٹ بہت تیز ہو گئی ہے اور دوسری ٹیمیں موقع نہیں دیتیں تو میں یہ سمجھتا ہوں کہ چاہے وہ بیٹنگ ہو بولنگ ہو یا فیلڈنگ ہمیں جلد از جلد کور کرنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ تین سے چار برس میں پاکستانی بولنگ میں اہم کردار سپنرز کا ہی رہا ہے اور اب سعید اجمل اور محمد حفیظ جیسے دو اہم سپنرز کے نہ ہونے سے کارکردگی پر فرق پڑ سکتا ہے۔

’سعید اجمل، محمد حفیظ اور میں، ہم تینوں نے ہی کارکردگی دکھائی۔ فاسٹ بولرز میں انجریز کافی آگئیں تو اس وقت فاسٹ اور سپن بولرز کو کافی محنت کرنی پڑے گی۔‘پاکستان اور بھارت کے میچ کے بارے میں بات کرتے ہوئے تجربہ کار آل راوٴنڈر کا کہنا تھا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ بہت بڑا میچ ہے اور اگر ٹیم تیار نہیں ہے تو اسے تیار ہونا پڑے گا۔

انھوں نے کہا کہ ’ہمیشہ ایسا ہوا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے میچ سے لوگ لطف اندوز ہوتے ہیں، دیکھنا پسند کرتے ہیں جو کرکٹ نہیں بھی دیکھتا وہ بھی دیکھنا شروع کر دیتا ہے۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف میچ میں سو فیصد کارکردگی دکھائے گی: ’لڑکوں کو پتا ہے کہ کتنا خاص میچ ہے اور میں انفرادی طور پر اور ٹیم کے ساتھ کوشش کروں گا کہ جتنا ہم اس میچ میں لطف لے کر کھیلیں اتنا ہی اچھا ہوگا۔انھوں نے ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے کسی ایک ٹیم کو فیورٹ قرار دیا نہیں دیا اور کہا کہ ساری ٹیمیں تیاریاں کر کے آتی ہیں اور کسی بھی ٹیم کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

متعلقہ عنوان :