گورنر ہاؤس میں ٹمبر مارکیٹ متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب،بحریہ ٹاوٴن کے سربراہ ملک ریاض حسین کی جانب سے متاثرین میں چیک تقسیم

ہفتہ 14 فروری 2015 08:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14فروری۔2015ء) آج گورنر ہاؤس میں ٹمبر مارکیٹ متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کی سادہ و پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں بحریہ ٹاؤ ن کے سربراہ ملک ریاض حسین کی جانب سے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے 42 متاثرینِ ٹمبر مارکیٹ میں 10 لاکھ روپے فی کس دیئے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ، اراکین صوبائی اسمبلی ، تاجر برادری کے رہنما سراج قاسم تیلی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

تقریب کے شرکاء سے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے خصوصی طور پر بات چیت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ ٹمبر مارکیٹ میں آگ کی اطلاع کے بعد تاجر برادری اور عوام نے ماضی کی طرح ریلیف و بحالی کے لئے جو عملی مظاہرہ کیا اس سے متاثرین کے حوصلے بلند ہوئے ریسکیو میں کوئی جانی نقصان نہیں ہو ا حکومت سندھ نے فوری طور پر متاثرین کو اخراجات کی مد میں فی کس ایک ایک لاکھ روپے دیئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کا ایک جذبہ ہے ہم آپ کو اکیلا نہیں چھو ڑیں گے ٹمبر مارکیٹ متاثرین کے نقصانات کا تخمینہ لگا لیا گیا ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت سے بات بھی کرلی گئی ہے وفاقی حکومت نے بھی یقین دلایا ہے کہ متاثرین کے نقصانات کو پو را کیا جائے گا لیکن صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا یہ کہنا کہ صوبائی حکومت خود متاثرین کے نقصانات کو پورا کرے گی خوش آئند ہے ۔

گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ پاکستان میں جب بھی کوئی مشکل آئی عوام نے بحریہ ٹاؤن کے سربراہ کو آگے آگے دیکھا اللہ تعالیٰ نے ان کے دل میں اتنی بڑائی دی ہے کہ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ہر کام یہ خود کریں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایک فرشتہ ریا ض ملک کی صورت میں دیا ہے جو ایک خوشبو کی مانند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2005 ء کے زلزلے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھاپاکستان سمیت کراچی کی عوام ،نوجوان ،لڑکے اور لڑکیاں ، تاجر برادری اور سیاسی جماعتیں سب متحد ہوگئے تھے ہمیں مشکل ہوتی تھی کہ کس طرح ان کے جذبات آگے پہنچائیں پی اے ایف شاہ فیصل بیس پر لوگوں کی قطاریں تھیں کراچی کی عوام کے اس جذبے کی بڑی قدر ہے 2004 ء میں جب دہشت گردی کے واقعات ہو رہے تھے اور 6 سے 7 حملے ہو چکے تھے وہ ایسے لمحات تھے جب وفاقی و صوبائی حکومت سمیت کراچی ہل کر رہ گئے تھے سب سے زیادہ دباؤ تاجر برادری کا تھا ہم نے تاجر برادری کے اجلاس منعقد کئے اور انھیں یقین دلایا کہ ہم ان دہشت گردوں سے مقابلہ کرینگے ہم نے مائی کراچی (My Karachi) کے نام سے Exibition شروع کی گئی جو ان حملوں کا جواب تھا بزنس کمیونٹی میں ایک جذبہ ہے حالات جیسے بھی ہوں ہمیں متحد رہنا ہے بولٹن مارکیٹ سانحہ میں لیڈر شپ کو سلام پیش کرتا ہوں متحدہ قائد الطاف حسین بھائی اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے بات چیت کی اور تہیہ کرکے کہا کہ تاجر برادری کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور مجھے کہا کہ جو نقصان ہو اہے ہم اسے پورا کرینگے چاہے قرضہ ہی لینا کیوں نہ پڑے پھر لوگوں نے دیکھا ہم نے اسے ایک رول ماڈل بنایا یہ اس قدر کامیاب تھا کہ شفافیت سے کروڑوں روپے تقسیم کئے گئے تاجر برادری نے ملک کے لئے انجن کا کردار ادا کرنے والے کراچی شہر کو جاری رکھا ۔

انہوں نے کہا کہ صومالیہ میں جب پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے 22 افراد کو یر غمال بنایا گیا اس وقت ہمیں ان کی زندگی بہت قیمتی تھی ان افراد کی رہائی میں ملک ریاض حسین نے بہت بڑا حصہ لیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ملک ریاض حسین عبد اللہ شاہ غازی  کے مزار کی از سر نو تعمیر و تزئین و آرائش ، انڈر پاس ، تین یونیورسٹیز ، ڈاؤ یونیورسٹی میگا پر جیکٹس اور بس سروس پر کام کررہے ہیں آج بھی شہید پولیس اہلکاروں کے لئے فی کس 10 لاکھ روپے اور ایک ایک پلاٹ جس کی مالیت 35 لاکھ روپے بنتی ہے دینے اور کراچی کے لئے 6 فائر بریگیڈ گاڑیاں دینے کا اعلان کیا ہے اتنا کچھ کرنے کے بعد دنیا کو انھیں ویلفیئر ٹائکون ہی کہنا چاہئے ۔

بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیسہ اللہ تعالیٰ کی امانت ہے کہ لوگوں کو دے سکوں متاثرین کی تکالیف دور کرنے کے لئے حکومت اپنے وعدے پورے کرے ہم متاثرین کا نقصان پورانہیں کررہے ہیں یہ تو ٹوکن منی ہے۔ تاجروں کے نقصان پر حکومت کو ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے کراچی کو اتنا بنا دیں گے کہ لوگ ہانگ کانگ اور دبئی کی طرح فخر کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلا عات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے بغیر متاثرین کے نقصانات کو پورا کرے گی چند روز بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ متاثرین کے نقصانات کے مطابق رقوم ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ نے ہر مسئلے پر خود بھی مدد کی اور صوبائی حکومت کی بھی مدد کرتے رہے ہیں ۔ ٹمبر مارکیٹ کے جنرل سیکریٹری حنیف سومرو نے کہا کہ 27 اور 28 کی رات آگ نے متاثرین کے کا روبار کو مکمل تباہ کر دیا یہ لوگ مایوس ہو چکے تھے لیکن ہر ایک نے ہمارا ساتھ دیا ملک ریاض حسین کے اعلان نے ان متاثرین کے حوصلے بلند کئے ۔

متعلقہ عنوان :