اقتصادی راہداری منصوبے سے چین اور پاکستان کے عوام قریب ہوں گے،نواز شریف،چین ہمارا برادر اور مخلص دوست ہے اس پر ہمیں فخر ہے، وزیر اعظم کی چینی وزیر خارجہ سے ملاقات میں ،چین پاکستان میں توانائی منصوبوں سمیت دیگر ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کریگا،چینی وزیر خارجہ وانگ ژی،برطانوی ہاؤس آف لارڈز کی رکن سعیدہ وارثی کی بھی وزیراعظم سے ملاقات

ہفتہ 14 فروری 2015 09:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14فروری۔2015ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف چین نے کہا ہے کہ چین ہمارا برادرانہ اورمخلص دوست ہے ،چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے چین کے ساتھ دوستی پر ہمیں فخر ہے ،چین کی مدد سے پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبے پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقات کے دوران دوران کیا جنہوں نے جمعہ کے روز یہاں وزیراعظم ہاؤس میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ۔

ملاقات میں چینی صدر کا دورہ پاکستان ،اقتصادی راہداری منصوبہ اور خطے کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ خطے میں خوشحالی اور پاک چین دوستی کو پروان چڑھائے گا اور اس منصوبے سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے،انہوں نے کہا کہ چین ہمارا برادرانہ اورمخلص دوست ہے چین کی دوستی پر ہمیں فخر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ مستحکم دوستی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے ، اور چینی بھائیوں کے ساتھ دوستی اور تجارتی تعلقات کا استحکام ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے ، انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط کیا جائے گا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ،چین پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرے گا اور پاکستان کو توانائی بحران سے نکالنے کے لئے چین ہرممکن تعاون کرے گا ۔

ادھروزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے ۔ جن کی بنیاد باہمی احترام اور ہم آہنگی پر رکھی ہے۔ دونوں ملکوں کی قیادت کے درمیان مسلسل رابطوں کی وجہ سے سیاسی‘ اقتصادی اور ثقافتی تعلقات میں مضبوطی آئی ہے۔ وہ جمعہ کو برطانوی ہاؤس آف لارڈز کی رکن سعیدہ وارثی سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔ سعیدہ وارثی نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے متعلق معاملات پر وزیراعظم نواز شریف کو آگاہ کیا اور کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اپنی محنت اور کوششوں سے دونوں ملکوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کررہی ہے اور پاکستان کے میج کو مثبت طور پر اجاگر کررہی ہے۔