بھارت نے پاکستان کے دو ٹوک موقف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے، سیکرٹری خارجہ کو پاکستان بھیجنے پر رضا مندی ظاہر ،بھارتی سیکرٹری خارجہ جے شنکر جلد پاکستان کا دورہ کرکے پاکستانی حکام سے خطے کی سکیورٹی سمیت دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کرینگے،بھارتی میڈیا ، پاکستان کی جانب سے بھا رتی اقدام کاخیر مقدم سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی مشاورت بھی شروع ، مذاکرات کی بحالی کے لئے اثرنو ایجنڈا مرتب کیا جائیگا، ذرا ئع

ہفتہ 14 فروری 2015 09:36

اسلام آباد، نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14فروری۔2015ء)بھارت نے آخر کار پاکستان کے دو ٹوک موقف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں اور اپنے سیکرٹری خارجہ کو پاکستان بھیجنے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی سیکرٹری خارجہ جے شنکر جلد پاکستان کا دورہ کرینگے اور پاکستانی حکام سے اپنے دورے کے دوران خطے کی سکیورٹی سمیت دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کرینگے ۔

اس سے قبل پاکستان اوربھارت کے مابین سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات ختم ہونے کے بعد پاکستان نے مختلف مواقعوں پر مذاکرات کی بحالی کی خواہش کا اظہار کیا تھا لیکن بھارت کی مسلسل ہٹ دھرمی کے باعث مذاکرات دوبارہ شروع نہیں ہورہے تھے اس حوالے سے مثبت پیش رفت اس وقت ہوئی جب امریکہ کے صدر باراک اوبامہ نے اپنے دورہ بھارت کے دوران وزیراعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنائیں اور دونوں ممالک کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امریکی صدر نے بھارت پر واضح کیا کہ پاکستان مذاکرات کے حوالے سے مثبت پیش رفت کا خواہشمند ہے اور دونوں اطراف سے مذاکرات شروع کرنے کے لئے پاکستان اقدامات کرے گا ۔امریکی صدر باراک اوبامہ کے دورہ بھارت کے بعد بھارتی حکومت نے اعلیٰ سطحی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کا ٹوٹنے والا سلسلہ دوبارہ سے جوڑا جائے اور لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کو ختم کرنے اور دیگر امور کے حوالے سے آگے بڑھا جائے بھارتی حکومت کے اس فیصلے سے متعلق نریندر مودی نے گزشتہ روز وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو بذریعہ ٹیلی فون واضح خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنایا جائے اس حوالے سے توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ بھارتی سیکرٹری خارجہ جے شنکر پاکستان کا جلد دورہ کرینگے جبکہ بھارت کے مذاکرات کے حوالے سے واضح پیغام پر حکومت پاکستان کی جانب سے بھی اس اقدام کا خیر مقدم کیا گیا ہے اور سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی مشاورت بھی شروع ہوگئی ہے سیکرٹری سطح کے مذاکرات کی بحالی کے موقع پر پاکستان کی طرف سے اثرنو ایجنڈا بھی مرتب کیا جائیگا ۔

متعلقہ عنوان :