تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر کام فوری طور پر شروع کیا جائے،ایل این جی کی درآمد کیلئے چین ،ملائیشیا، الجزائر،نائیجیریا سے مذاکرات کئے جائیں؛وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت ،عوام کو مناسب نرخوں پر بجلی کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، بجلی کی پیداوار کیلئے تمام وسائل استعمال میں لارہے ہیں‘ توانائی کمیٹی کے نویں اجلاس سے خطاب، اجلاس میں ملک میں تیل کی طلب اور رسد سمیت تاپی گیس پائپ لائن منصوبے اور ایران سے بجلی کی درآمد سے متعلق بریفنگ ، کوئلے اور ایل این جی منصوبوں سمیت ملک میں توانائی بحران پر فوری قابو پانے اور جاری منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا‘

جمعہ 13 فروری 2015 09:13

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13فروری۔2015ء)وزیراعظم نواز شریف نے ترکمانستان ،افغانستان ، پاکستان، بھارت (تاپی) گیس پائپ لائن منصوبے پر جلد کام شروع کرنے سمیت ایل این جی کی درآمد کیلئے چین ،ملائیشیا، الجزائراورنائیجیریا کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی پیداوار کے لئے تمام وسائل استعمال میں لا رہی ہے، عوام کو مناسب نرخوں پر بجلی کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔

جمعرات کو وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت توانائی کمیٹی کا نواں اجلاس منعقد ہوا جس میں گیس پائپ لائن منصوبے سمیت مختلف امور پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔ حکام نے وزیراعظم کو ملک میں تیل کی طلب اور رسد سمیت تاپی گیس پائپ لائن منصوبے اور ایران سے بجلی کی درآمد سے متعلق بریفنگ بھی دی،اجلاس میں کوئلے اور ایل این جی منصوبوں سمیت ملک میں توانائی بحران پر فوری قابو پانے اور جاری منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پراجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر جلد آغاز کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں،کیونکہ یہ منصوبہ خطے کی ترقی کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو مناسب نرخوں پر بجلی کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، سستے نرخوں پر بجلی کی پیداوار میں اضافے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

وزیراعظم نے ایل این جی کی درآمد کیلئے چین ،ملائیشیا، الجزائراورنائیجیریا کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ایل این جی کی درآمد کیلئے بروقت ادائیگیاں یقینی بنانے کیلئے مربوط نظام وضع کریں۔کمیٹی کو بتایاگیا کہ ایل این جی کی درآمد کیلئے قطر کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وزیرِ پانی و بجلی خواجہ آصف، وزیرِ پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی ، احسن اقبال، وزیرِ ریلوے سعد رفیق، وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، عابد شیر علی سمیت اعلی حکام بھی شریک تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نے چنیوٹ میں معدنی ذخائر منصوبے کے دورہ کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران اعلان کیا تھا کہ ملک سے توانائی بحران کا خاتمہ اپنے دور حکومت میں ہی کریں گے۔