جے یو آئی (ف)نے بلوچستان اور خیبرپختونخواہ سے امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری دیدی ، جنرل نشست کیلئے مولانا غفور حیدری،مولانا عطاء الرحمن ،ٹینکو کریٹس کیلئے ملک اسکندر،مولاناگل نصیب ، خواتین نسرین کھیتران بی بی اشواء ، اقلیتی نشستوں پر ہیمن داس و جیمز اقبال پر الیکشن لڑینگے، حافظ حسین احمد پھر ٹکٹ سے محروم، سیکرٹری اطلاعات کو کورننگ امیدوار کے طور پر رکھاگیا، ترجمان کی تصدیق

جمعرات 12 فروری 2015 08:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12فروری۔2015ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) نے بلوچستان اور خیبرپختونخواہ سے امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری دیدی ، مولانا غفور حیدری، ملک اسکندر، مولانا عطاء الرحمن، مولاناگل نصیب، ہمین داس اور نسرین کھیتران سمیت دیگر شامل ، حافظ حسین احمد پھر ٹکٹ سے محروم، سیکرٹری اطلاعات کو کورننگ امیدوار کے طور پر رکھاگیاہے۔

طویل مشاورت کے بعد فیصلہ مولانافضل الرحمن نے کیا۔ جمعیت علمائے اسلام (ف ) نے سینیٹ انتخابات کیلئے مستقبل کے سینیٹرز کیلئے اپنے امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری دیدی ہے۔ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا امجد نے بلوچستان کے حوالے سے امیدواروں بارے بتایاکہ بلوچستان کی جنرل نشست کیلئے مولانا عبدالغفور حیدری متبادل امیدوار کے طور پر مولانا انوار دین، ٹینکو کریٹس کی سیٹ پر ملک اسکندر جبکہ متبادل حافظ حسین احمد کو رکھاگیاہے اقلیتی نشست کیلئے ہیمن داس اور خواتین کی نشست کیلئے نسریں کیتھران کا نام فائنل کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

ادھر صوبہ خیبرپختونخواہ کے امیدواروں کے حوالے سے وفاقی وزیر ہاؤسنگ و مرکزی رہنما اکرم خان درانی نے بتایاکہ مولانا عطاء الرحمن ، حافظ منظور آفریدی جنرل نشست ، مولانا گل نصیب خان اور شیخ یعقوب ٹیکنو کریٹس کی نشست کیلئے جبکہ اقلیتی نشست کیلئے جیمز اقبال اور خواتین کی نشست پر بی بی اشواء الیکشن لڑینگے۔ ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایاکہ مولانافضل الرحمن نے پارٹی میں دھڑے بندی سے بچنے کیلئے تمام صوبوں سے سفارشات طلب کی تھیں اور انہیں امیدوار فائنل کرنے بارے کہاگیا تھاالبتہ حتمی فیصلہ مولانافضل الرحمن نے ہی کرنا تھا ادھر جب مولانافضل الرحمن کو صوبوں کی جانب سے نام بھجوائے گئے تو انہوں نے تمام ناموں کوخود حتمی منظوری دی ادھرحافظ حسین احمد ایک مرتبہ پھر پارٹی ٹکٹ سے محروم ہوگئے البتہ انہیں اس مرتبہ پارٹی نے بالکل نظر انداز نہیں کیا بلکہ انہیں ٹینکو کریٹ کی نشست پر کورننگ امیدوار کے طور پر لیاگیاہے۔