وزیر اعظم محمد نواز شریف کا چنیوٹ کے علاقہ رجوعہ میں خام لوہے اور تانبے کے ذخائر کی جگہ کا دورہ ،منصوبہ بارے وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی ،پاکستان معدنی ترقی کے دور میں داخل ہوچکا ہے ، انشاء اللہ چند سالوں میں اس کا شمار دنیا کے معدنی ترقی برآمد کرنے والے اہم ملکوں میں ہوجائے گا۔شہباز شریف، پاکستان میں حالیہ خام لوہے اور تانبے کے جو ذخائر تلاش کئے گئے اسے دنیا کی اعلی ترین لیبارٹری میں ٹیسٹ کرایا گیا، اس کی اعلی کوالٹی کو 65 فیصد قرار دیا گیا ہے۔ یہ ایک خوش آئند بات ہے، خصوصی بریفنگ میں گفتگو

جمعرات 12 فروری 2015 08:37

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12فروری۔2015ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے بدھ کو چنیوٹ کے علاقہ رجوعہ میں خام لوہے اور تانبے کے ذخائر کی جگہ کا دورہ کیا اس موقع پر ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے وزیر اعظم کو بریفنگ دی ۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف ،وزیر تجارت خرم دستگیر ، ممبرا ن اسمبلی اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چین‘ پاکستان کے مشترکہ منصوبے کے متعلق وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس علاقے میں خام لوہے اور تانبے کے ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں اور یہ منصوبہ نومبر 2014ء میں شروع کیا گیا تھا چنانچہ کھدائی کے دوران جو ذخائر دریافت ہوئے ہیں ان ذخائر کو باقاعدہ طور پر پاکستانی اور چینی سائنسدانوں کیساتھ ساتھ انجینئرز نے دنیاکی بہترین لیبارٹری میں ٹیسٹ کیلئے بھجوایا گیا ہے جس کے نتائج اعلی کوالٹی کے معیار کے مطابق برآمد ہوئے ہیں چنانچہ آب چین اور پاکستان مل کر اس منصوبے کو جلداز جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے جبکہ اس منصوبے کی بدولت روزگار کے مواقع میں نہ صرف خاطرخواہ اضافہ ہوگا بلکہ معیشت میں بھی بہتری آئے گی اور اردگرد کے علاقوں میں نہ صرف نئی صنعتیں لگیں گی بلکہ برآمد ہونے والے خام لوہے اور تانبے کو مختلف دھاتوں میں ڈھال کر دیگر ممالک میں بھی فروخت کیا جائے گا جس سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چینی انجینئرز اور پاکستان کے نامور ایٹمی سائنس دان ثمر مبارک مند نے منصوبے کی افادیت بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستانی عوام کیلئے بہت بڑا تحفہ ہے اور جتنے تانبے اور خام لوہے کے ذخائر یہاں موجود ہیں وہ ایک عرصہ تک کارآمد ہوسکیں گے۔ وزیر اعظم نے تانبے اور لوہے کے ٹکڑوں کا خود بھی معائینہ کیا اس دوران وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان معدنی ترقی کے دور میں داخل ہوچکا ہے اور انشاء اللہ چند سالوں میں اس کا شمار دنیا کے معدنی ترقی برآمد کرنے والے اہم ملکوں میں ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ خام لوہے اور تانبے کے جو ذخائر تلاش کئے گئے اسے دنیا کی اعلی ترین لیبارٹری میں ٹیسٹ کرایا گیا اور اس کی اعلی کوالٹی کو 65 فیصد قرار دیا گیا ہے۔ یہ ایک خوش آئند بات ہے۔