احمد نواز کو صوبائی و مرکزی حکومت کے تعاون سے برطانیہ بھیجا گیا ہے۔ وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا،احمد نواز کے برطانیہ علاج کے لئے صوبائی حکومت نے 35لاکھ کی رقم فراہم کی ہے۔ مشتاق احمد غنی،صوبائی حکومت کی جانب سے وزیر اطلاعات نے احمد نواز کو ایل آر ایچ سے اسلام آباد کے لئے رخصت کیا

جمعرات 12 فروری 2015 09:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12فروری۔2015ء)خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول سانحہ کے زخمی بچے احمد نواز کو بہترین طبی علاج کے لئے صوبائی و مرکزی حکومت کے تعاون سے برطانیہ بھیجا جا رہا ہے جس کے لئے صوبائی حکومت نے 35لاکھ کی خطیر رقم زخمی بچے احمد نواز کے علاج معالجہ اور دیگر اخراجات کے لئے فراہم کی ہے۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زخمی بچے احمد نواز کو پشاور سے اسلام آباد رخصت کرنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے اس موقع پر احمد نواز کی عیادت بھی کی اور اس کے والدین سے ملاقات بھی کی اورانہیں صوبائی حکومت کی جانب سے ان کے بچے کے مکمل علاج معالجہ اور سرپرستی کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ صوبائی حکومت کی جانب سے احمد نواز کو اسلام آباد رخصت کرنے کے لئے ہسپتال آئے ہیں اور پارٹی چئیرمین عمران خان نے بھی احمد نواز کی ہسپتال میں ن آ کرعیادت کی کہ اور زخمی بچے کے والدین کو یقین دلایا ہے کہ وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں، برطانیہ میں بھی تحریک انصاف کے عہدیدار اور کارکن ان کے ساتھ رہیں گے اور ہر قسم کی مدد کی جائے گی۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت آرمی پبلک سکول سانحہ کے دیگر زخمی بچوں کو بھی بہترین علاج معالجہ کے لئے کراچی بھجوا رہی ہے جن کے تمام طبی اخراجات صوبائی حکومت خود برداشت کرے گی۔ انہوں کے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔