فضل الرحمن نے زرداری سے 22 ترمیم کیلئے حمایت مانگ لی، مشاورت کے بعد جواب دینگے، آصف علی زرداری ،سربراہ جمعیت علمامء کی سابق صدر سے ملاقات، ملک کی مجموعی امن و امان وسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال،سندھ میں مدارس پر مارے جانیوالے چھاپوں کا معاملہ بھی زیر غور،کو چیئرمین پیپلزپارٹی نے دینی حلقوں سے بھی تعاون کا عندیہ دیدیا،ذرائع، پارٹی ترجمان مولانا امجد نے ملاقات کی تصدیق کر دی

جمعرات 12 فروری 2015 09:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12فروری۔2015ء)سابق صدر آصف علی زرداری کی سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) سے ملاقات، ملک کی مجموعی امن و امان وسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال، مولانافضل الرحمن نے سابق صدر سے 22 ترمیم کیلئے حمایت مانگ لی،زرداری کا مشاورت کے بعد جواب دینے کی یقین دہانی، سندھ میں مدارس پر مارے جانیوالے چھاپوں کا معاملہ بھی زیر غور آیا،کو چیئرمین پیپلزپارٹی نے دینی حلقوں سے بھی تعاون کا عندیہ دیدیا،پارٹی ترجمان مولانا امجد نے ملاقات کی تصدیق کر دی۔

باوثوق ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایاکہ سابق صدر آصف علی زرداری اور مولانافضل الرحمن کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات ون و آ ن ون تھی جس میں ملک کی مجموعی امن و امان و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔

(جاری ہے)

ملاقات ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی جس میں مولانا فضل الرحمن نے قومی اسمبلی میں 22ویں ترمیم لانے ، حکومت سند ھ کی جانب سے مدارس پر مارے جانیوالے چھاپوں کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔

اس موقع پر مولانافضل الرحمن نے کہاکہ ہم نے قومی ایکشن پلان پر مکمل تعاون کا یقین دلایا لیکن 21ویں آئینی ترمیم پر تحفظات کو دور نہیں کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ 22ویں ترمیم کے حوالے سے ڈرافٹ تیا ر کیاہے اس سلسلے میں ہم نے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں مطالبہ کرتے ہیں پیپلزپارٹی بھی ہماری حمایت کرے جس پر سابق صدر آصف علی زردار ی نے کہاکہ اس معاملے پر پارٹی مشاورت کے بعد ہی جواب دینگے۔

ذرائع کے مطابق مولانافضل الرحمن نے صوبہ سندھ میں مدارس پر حکومت کی جانب سے مارے جانیوالے چھاپوں کا معاملہ بھی زیر غور آیا اور مولانافضل الرحمن نے کہاکہ مدارس دینی تعلیم کا فریضہ انجام دے رہے ہیں اگر حکومت کو کوئی مسئلہ درپیش ہے تو مدارس کی نمائندہ تنظیم سے رجوع کیا جائے یا ہم سے استفسار کیا جائے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا جس پر سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاکہ دینی حلقوں کے ساتھ اس معاملے پر مکمل تعاون کرینگے اور صوبہ سندھ میں کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہوگی ۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران سینیٹ انتخابات کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ اس سلسلے میں جب ”خبر رساں ادارے“ نے تصدیق کیلئے جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہاکہ سابق صدر آصف علی زرداری اور مولانافضل الرحمن میں ون آن ون ملاقات ہوئی ہے جس میں ملک کی مجموعی امن وامان و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ہے