آئندہ پانی کا بحران ہو سکتا ہے، وفاقی وزیر خواجہ آصف نے پیشنگوئی کر دی،بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے رہے ہیں،پانی کا مسئلہ ہر فورم پر اٹھایا جائیگا، 2 سے3 سال میں بجلی بحران کا خاتمہ ہوجائیگا،آئندہ انتخابات میں توانائی بحران سے سروخرو ہو کر عوام کے پاس جائیں گے ،تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی سے عوام کو ریلیف ملا ہے ، کمی سے ایک سال میں تین ارب ڈالر زر مبادلہ کی بچت ہوگی،تقریب سے خطاب ، میڈیا سے گفتگو

بدھ 11 فروری 2015 09:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 11فروری۔2015ء)وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئندہ بحران پانی کا ہو سکتا ہے اس پر کسی کی نظر نہیں ،بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے رہے ہیں،پانی کا مسئلہ ہر فورم پر اٹھایا جائیگا، 2 سے3 سال میں بجلی بحران کا خاتمہ ہوجائیگا،آئندہ انتخابات میں توانائی بحران سے سروخرو ہو کر عوام کے پاس جائیں گے ،تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی سے عوام کو ریلیف ملا ہے ، کمی سے ایک سال میں تین ارب ڈالر زر مبادلہ کی بچت ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز واپڈا کے یوم قیام کے موقع پر تقریب سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بجلی کی مشکلات پر دو سے تین سال میں قابو پالیں گے ، یہ عام لوگوں کے ساتھ حکومت کی سیاسی ضرورت بھی ہے کہ آئندہ الیکشن سے پہلے اس مسئلے کو ختم کر دے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی پیدا کرنے کیلئے اقدامات تو ہم کر رہے ہیں لیکن عوام کو بجلی کی بچت پر بھی توجہ دینا ہوگی،ان اقدامات سے 1600 میگا واٹ بجلی بچائی جا سکتی ہے، وزیر پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم پانی، گیس اور بجلی کا ضیاع ہماری عادت بن چکا ہے۔

دنیا کے کسی ملک میں مارکیٹیں رات ایک بجے تک کھلی نہیں رہتیں۔ حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی موجودہ قیمتیں عالمی سیاست کی وجہ سے ہیں لیکن ہمیں اس کمی سے ایک سال میں تین ارب ڈالر زر مبادلہ کی بچت ہوگی۔تیل کی کمی کے تناسب میں ابھی بجلی کی قیمتوں میں کمی نہیں کر رہے اور طویل مدتی پالیسی کے تحت سرکلر ڈیڈ ختم کرنے کیلئے اس رقم کو استعمال کریں گے۔

وفاقی وزیرخواجہ آصف نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ چار برسوں میں کوئلے اور گیس سے دس ہزار میگاواٹ سستی بجلی پیدا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی مسلسل خراب ورزیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لے رہے ہیں او ر ہر متعلقہ فورم پر اس مسئلے کو اٹھا رہے ہیں،خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ملک میں آئندہ بحران پانی کا ہوگا لیکن اس پر کسی کی نظر ہی نہیں، ڈیموں سے پیدا ہونے والی بجلی اور پانی کے ذخیرے سے آئندہ کئی نسلیں مستفید ہوسکتی ہیں۔ دیامر بھاشاڈیم کے لئے زمین اسلام آباد میں زمین کی قیمت کے مساوی رقم پر حاصل کی جارہی ہے۔ اگر مغلیہ دور میں پلاننگ کمیشن ہوتا تو تاج محل کبھی نہ بنتا۔