عرفان اور صہیب کی شاندار کارکردگی، گرین شرٹس نے پہلا وارم اپ میچ جیت لیا ، اوپننگ سٹینڈ پھر ناکام ، مڈل آرڈر نے فتح میں اہم کردار ادا کیا ،بنگال ٹائیگرز کو 3وکٹو ں سے شکست،تمیم اقبال اور محمود اللہ کی 168 رنز کی شراکت اپنی ٹیم کو شکست سے نہیں بچا سکی، مشرفی مرتضیٰ اور تسکین احمد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

منگل 10 فروری 2015 08:53

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10فروری۔2015ء) پاکستان نے صہیب مقصود کی شاندار بلے بازی کی بدولت بنگلہ دیش کو وارم اپ میچ میں تین وکٹ سے شکست دے دی۔بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور پہلے ہی اوور میں سہیل خان نے انعام الحق کو پویلین چلتا کردیا، وہ کوئی رنز نہ بنا سکے۔اسکور 16 تک پہنچا تو مومن الحق بھی سات رنز بنانے کے بعد محمد عرفان کی وکٹ بن گئے۔

اس موقع پر تمیم اقبال اور محمود اللہ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 168 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو بہتر پوزیشن میں پہنچا دیا، تمیم نے 81 اور محموداللہ نے 83 رنز بنایا۔ان دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیشی بلے باز پاکستانی باوٴلرز کا سامنا نہ کر سکے اور پوری ٹیم 246 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے عرفان نے پانچ اور یاسر شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے بلے بازی شروع کی تو آٹھ رنز پر دونوں اوپنرز احمد شہزاد اور سرفراز احمد پویلین پہنچ چکے تھے۔اس دوران چھوٹی موٹی شراکتیں قائم ہوئیں لیکن وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور ایک موقع پر 103 رنز پر چار پاکستانی کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔عمر اکمل اور صہیب مقصود نے 62 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کی میچ جیتنے کی امیدوں کو دوبارہ زندگی بخشی۔

مصباح نے صہیب کے ساتھ مل کر اسکور کو 199 تک پہنچایا لیکن تسککین احمد نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔شاہد آفریدی نے میدان میں ا آتے روایتی جارحانہ انداز اختیار کیا اور 20 گیندوں پر 24 رنز بنا کر پاکستان کو فتح کے قریب پہنچا دیا جبکہ دوسری جانب سے صہیب کی ذمے دارانہ بلے بازی جاری رہی۔پاکستان نے 49ویں اوور کی پہلی گیند پر ہدف حاصل کر کے تین وکٹ سے فتح اپنے نام کر لی۔صہیب مقصود نے ناقابل شکست 93 رنز کی کی باری کھیلی۔پاکستان اپنا دوسرا وارم اپ میچ بدھ کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔