سانحہ 12 مئی میں ملوث متحدہ قومی موومنٹ محمودآباد کے سیکٹر انچارج ملزم عبدالرفیق 90 دن کے لئے رینجرز کے حوالے

منگل 10 فروری 2015 09:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10فروری۔2015ء) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ 12 مئی میں ملوث متحدہ قومی موومنٹ محمودآباد کے سیکٹر انچارج ملزم عبدالرفیق کو 90 دن کے لئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا ہے۔پیر کو رینجرز نے سانحہ 12 مئی میں مبینہ طور پر ملوث ملزم عبدالرفیق کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جب کہ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

رینجرز نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کو 90 روز کے لئے ریمانڈ پر حوالے کیا جائے جس کی منظوری کے بعد عدالت نے ملزم عبدالرفیق کو 90 روز کے لئے رینجرزکی تحویل میں دے دیا۔عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ عبدالرفیق سیاسی جماعت کا کارکن ہے جس کی وجہ سے اسے نشانہ بنایا جارہا ہے اور ممکنہ طور پر سیاسی جماعت کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ رینجرز نے گزشتہ روز محمود آباد میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالرفیق عرف کائیاں کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد رینجرز نے دعویٰ کیا تھا کہ ملزم سانحہ 12 مئی میں ملوث ہے جس کا متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق ہے۔رینجرز ذرائع کے مطابق ملزم رفیق راجپوت اسٹیٹ بینک میں گریڈ اٹھارہ کا ملازم ہے،جبکہ اسٹیٹ بنیک کو ملزم کی جرائم پیشہ سرگرمیوں سے آگاہ کردیاہ،رینجرزکے مطابق ملزم کو رینجرز کی اسپیشل ٹاسک فورس نے گرفتار کیا ہے۔