وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان کی شرکتدہشت گردی کیخلاف نیشنل ایکشن پلان پرمزید موثرانداز میں عملدرآمد یقینی بنانے پر اتفاق، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں:شہبازشریف،پاک افواج،پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کے اقدامات سے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں، دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کا عبرتناک انجام قریب ہے، پاکستان کو دہشتگردی اور انتہاء پسندی سے پاک کرکے دم لیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب کا صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

منگل 10 فروری 2015 09:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10فروری۔2015ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے میں انسداد دہشت گردی کیلئے کئے جانے والے موثر اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیاگیا اور پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر مزید موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کے حوالے سے مربوط اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان، صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ، چیف سیکرٹری، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل خان طاہر جاوید خان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل عامر عباسی، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور ایپکس کمیٹی کے دیگر ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات پر مزید تیز رفتاری سے پیش رفت کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں۔ تمام متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈنیشن کے تحت فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداددہشت گردی کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر فوری اور بروقت اقدامات کئے ہیں اور قوانین میں ضروری ترامیم کرکے سزاؤں کو سخت کیا گیاہے۔

پاک افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے موثر اقدامات کے باعث دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے دہشت گردی، انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے کچلنے کا پختہ عزم کر لیا ہے۔ قوم کے اتحاد کی قوت سے دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کو عبرتناک شکست دیں گے اور پاکستان کو دہشت گردی اور انتہاپسندی سے پاک کرکے دم لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سفاک درندوں نے پشاور میں معصوم بچوں کو بدترین بربریت کا نشانہ بنایا جس پرپوری قوم غمزدہ ہے، دہشت گردی کے اس المناک واقعہ پر ہر آنکھ اشکبا ر اور ہر دل زخمی ہے۔ پاکستان کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کرنے کا وقت آن پہنچا ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے بیدار اور متحد ہو چکی ہے۔

اتفاق اور یگانگت کا مثالی مظاہرہ کرتے ہوئے وطن عزیز سے دہشت گردوں کو ہمیشہ کیلئے نیست و نابود کرکے امن کا گہوارہ بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سفاک درندوں کیخلاف فیصلہ کن ایکشن کیا جارہا ہے اور پوری قوم افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ آج پاکستانی قوم میں نیا جذبہ، عزم اور بھرپور قوت موجود ہے اور یہی لمحہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا ہے جس میں صرف جیت ہی واحد آپشن ہے اور انشاء اللہ ہم سب قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے، پاکستان کو بچانے کی جنگ ہر قیمت پر جیتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین تربیت یافتہ فوج ہے جو اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور انشاء اللہ افواج پاکستان پوری قوم کی تائید اور حمایت سے امن کے دشمنوں کو شکست فاش دیں گی اور ملک دشمنوں کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے موجودہ غیر معمولی صورتحال کے پیش نظرغیر معمولی اقدامات کیے جارہے ہیں اوران غیر معمولی اقدامات کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ ہماری آئندہ نسلوں کی بقاء کی جنگ ہے اورہم سب نے ملکر پاکستان کا کھویا ہوا امن اسے ہرقیمت پر لوٹانے کا عزم کر لیا ہے اور فیصلہ کر لیا ہے کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کیلئے پاک سرزمین پر کوئی جگہ نہیں۔قوم کے پختہ عزم سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دہشت گردی کا قلع قمع کریں گے اور پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ اجلاس کے دوران پنجاب میں دہشت گردی،انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کے خاتمے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر عملدر آمد کے حوالے سے تفصیلی جائز ہ لیا گیااور صوبے کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی کرنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔