حکومت کا نجکاری عمل تیز کرنے کا فیصلہ،16پاور کمپنیوں کی نجکاری ترجیحی فہرست میں شامل،لاہور اور اسلام آباد الیکٹرک کے لئے مالیاتی مشیر کا تقرر جلد ہو گا، گوجرانوالہ، ملتان، پشاور، حیدرآباد اور کوئٹہ الیکٹرک کی بھی نجکاری ہو گی،نجکاری کی صورت میں ان کمپنیوں کا انتظامی کنٹرول حکومت سے نجی شعبے کو منتقل ہو جائے گا، حکومت کو اربوں روپے کی آمدنی حاصل ہو گی، حکام

منگل 10 فروری 2015 09:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10فروری۔2015ء) سولہ پاور کمپنیوں کی نجکاری کی جائے گی ، ان کمپنیوں کے سو فیصد شیئرز حکومت کے پاس ہیں۔ نجکاری کی صورت میں ان کمپنیوں کا انتظامی کنٹرول حکومت سے نجی شعبے کو منتقل ہو جائے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ان اداروں کی نجکاری سے حکومت کو اربوں روپے کی آمدنی حاصل ہو گی۔ دستاویزات کے مطابق بجلی کی تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری ہو گی۔

سکھر الیکٹرک کمپنی کی نجکاری ترجیحی فہرست میں شامل ہے جس کے مالیاتی مشیر کے تقرر کے لئے اظہار دلچسپی کی درخواستیں طلب کر لی گئی ہے۔ فیصل آباد الیکٹرک پاور کمپنی کی نجکاری کے لئے بھی کام جاری ہے۔ لاہور اور اسلام آباد الیکٹرک کے لئے مالیاتی مشیر کا تقرر جلد ہو گا۔

(جاری ہے)

گوجرانوالہ، ملتان، پشاور، حیدرآباد اور کوئٹہ الیکٹرک کی بھی نجکاری ہو گی۔

ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے علاوہ بجلی پیدا کرنے والے اداروں کی بھی نجکاری ہو گی۔ لاکھڑا پاور ، جامشورو پاور جنریشن کمپنی ، نادرن پاور اور کوٹ ادو پاور بھی ترجیحی فہرست میں شامل ہے۔ کوٹ ادو پاور کمپنی کے چھیالیس فیصد شیئرز اب بھی حکومت کے پاس ہیں۔ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس ، نیشنل پاور کنسٹرکشن کمپنی، سنٹرل پاور جنریشن کمپنی کی نجکاری بھی حکمت عملی میں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق سولہ پاور کمپنیوں کی نجکاری کے نتیجے میں ملازمین کی چھانٹی ہو گی۔