نائیجیریا میں 14 فروری کو ہونے والے صدارتی انتخابات ملتوی ، انتخابات سکیورٹی بارے خدشات کے باعث چھ ہفتوں کیلئے ملتوی کئے ہیں ،الیکشن کمیشن

پیر 9 فروری 2015 08:53

لاگوس(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9فروری۔2015ء) نائیجیریا کے الیکشن کمیشن نے 14 فروری کو ہونے والے صدارتی انتخابات سکیورٹی کے بارے میں خدشات کے باعث چھ ہفتوں کے لیے ملتوی کر دیے ہیں۔ جبکہ انتخابات کی نئی تاریخ 28 مارچ منعقد کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل نائیجیریا کے سلامتی کے مشیر نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی کہ ووٹر کارڈوں کی تقسیم کے لیے مزید وقت دیا جائے تاہم گذشتہ روز الیکشن کمیشن کے حکام کا اجلاس ہوا، جس کے دوران کمیشن کے سربراہ اتاہیرو جیگا نے کہا کہ جب انھیں بتایا گیا کہ فوج انتخابات کے دوران مدد نہیں کر پائے گی تو اس وقت چھ ہفتے کا التوا ناگزیر ہو گیا۔

سکیورٹی حکام نے انھیں بتایا تھا کہ فوج ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں بوکو حرام کے جہادیوں سے لڑنے میں مصروف ہے، اس لیے وہ انتخابات میں ہاتھ نہیں بٹا سکے گی۔ادھرحزبِ اختلاف کی بڑی جماعت کے ارکان فوج پر الزام لگاتے ہیں کہ وہ زبردستی التوا چاہتی ہے تاکہ صدر گڈلک جوناتھن کو اپنی انتخابی مہم چلانے کے لیے زیادہ وقت مل سکے۔توقعات کے مطابق موجودہ صدر اور سابق فوجی حکمران محمدو بہاری کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہو گا۔ان کا کہنا ہے کہ اس التوا سے ملک میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گا۔