جماعت اسلامی کسی زیر زمین تحریک کی بجائے پرامن، جمہوری اور آئینی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے ،سراج الحق،ہم ہر فرد، خاندان ،دنیا اور معاشرہ کی ترقی چاہتے ہیں تاکہ بانی پاکستان قائداعظم  کا اسلامی وخوشحال پاکستان کا خواب پورا ہوسکے،سیاست،قیادت،امامت اور حکومت کانام ہے یہ کوئی آسان نہیں،یہ بزدلوں نہیں بلکہ شہیدوں اور شاہین صفت لوگوں کا کام ہے، امیر جماعت اسلامی

پیر 9 فروری 2015 09:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9فروری۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ایک اسلامی، ڈیموکریٹک اور ترقی پسند پارٹی ہے، جو کسی زیر زمین تحریک کی بجائے پرامن، جمہوری اور آئینی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ اسلامی انقلاب کی منزل اور پاکیزہ معاشرہ کے قیام کی جدوجہد کے اس راستہ کا تعین1956کے ماچھی گوٹھ کے اجتماع کے موقع پر بانی جماعت سید مودودی نے واضح کردیا تھا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن کمپلیکس نارتھ ناظم آباد میں جماعت اسلامی سندھ کی صوبائی اور اضلاع کی مشترکہ مجالس شوریٰ کے اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امیر پاکستان اسداللہ بھٹوصوبائی ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،قیم ممتازحسین سہتو، ممتاز عالم دین مولاناعبدالحق ہاشمی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

جبکہ مرکزی نائب قیم محمد اصغر،۔

نائب امراء محمد حسین محنتی،پروفیسر نظام الدین میمن،عبدالغفارعمر ،نائب قیمین،عبدالوحید قریشی،عبدالحفیظ بجارانی،حافظ نصراللہ عزیز،نواب مجاہد بلوچ،ڈاکٹر فواد احمد، اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔سراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ہر فورم پر دہشتگردی کیخلاف بات اور اس کی مذمت کی ہے۔دہشتگردی میں امتیاز کرنے کے بجائے دہشتگردوں کیخلاف اقدامات کرنے ہونگے۔

دیگر سیاسی پارٹیوں کے رہنماوں کی طرح سابق امیرمرحوم قاضی حسین احمد سمیت جماعت اسلامی کے کئی رہنماؤں پر خودکش حملے کئے گئے ۔مذہب اور مدارس کو نشانہ بنانا غلط ہے اور اس کی مذمت کرتے ہیں۔ہم ہر فرد، خاندان ،دنیا اور معاشرہ کی ترقی چاہتے ہیں تاکہ بانی پاکستان قائداعظم  کا اسلامی وخوشحال پاکستان کا خواب پورا ہوسکے۔ مفاد پرست ٹولہ نے اپنی دولت وطاقت کی بنیاد پر پورے نظام وقوم کو ذہنی طور پر یرغمال بنا رکھا ہے۔

ظلم وناانصافی کی چکی میں پسنے والے مظلوم عوام کسی نجات دہندہ کی تلاش میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو امن کا درس اور جمہوریت کا دعویدار امریکہ نے ہمیشہ ڈکٹیٹروں ،بادشاہوں کا ساتھ دیا اور بے گناہ لوگوں کا قتل عام کرکے دہشتگردی کی بدترین مثالیں قائم کیں۔ مصر،شام، عراق وافغانستان اس کا واضح ثبوت ہیں۔ہم طاغوت کے باغی ہیں، انشااللہ حق وباطل کے معرکہ میں فتح حق کی ہوگی۔

سراج الحق نے سیاست،قیادت،امامت اور حکومت کانام ہے یہ کوئی آسان نہیں،یہ بزدلوں نہیں بلکہ شہیدوں اور شاہین صفت لوگوں کا کام ہے۔امیر جماعت نے ذمہ داران وکارکنوں کو اپنے کئے ہوئے وعدے کی ایک بار پھر یاد دہانی کرائی اور اس کو عام کرنے کہ ہدایت بھی کی کہ دنیا وآخرت کی کامیابی کیلئے اجتماعیت کو تباہ کرنے والی چیزوں ،غیبت کرنے، حرام کھانے اور جھوٹ بولنے سے اجتناب اور اپنی نمازوں کو باجماعت ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔ امیر جماعت نے زوردیا کہ سندھ میں جماعت اسلامی کو موٴثر سیاسی جماعت اورغالب قوت بنانے کیلئے ذمہ داران گھر گھر جماعت کی دعوت کو عام کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔