پاکستان کی بنگلہ دیش کو یو اے ای میں میزبانی کی پیشکش

اتوار 8 فروری 2015 09:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8فروری۔2015ء)پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کو یو اے ای میں ہوم سیریز کی میزبانی کی پیش کش کردی۔ ایف ٹی پی کے تحت قومی ٹیم کو اپریل مئی میں بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہے۔ پی سی بی نے ٹور کے لیے پچاس فیصد شیئر دینے کا مطالبہ کیا ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کو فیوچر ٹور پروگرام کے مطابق اپریل مئی میں دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہے۔

پی سی بی نے ٹور کی آمدنی کا پچاس فیصد شیئر دینے کا مطالبہ کیا ہے جس پر دونوں بورڈز کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے۔پی سی بی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چئیرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے دو ہزار گیارہ میں بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا لیکن بنگلہ دیش تجریری معاہدے کے باوجود دو ہزار بارہ میں جوابی دورے پر نہیں آئی جس کی وجہ سے پی سی بی کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

اصولی طور پر پاکستان ٹیم کا آئندہ دورہ ہماری ہوم سیریز ہے۔ اس لیے پاکستان اپنی ٹیم اسی صورت میں بھیجے گا جب بی سی بی ریونیو کے پچاس فیصد شیئر دینے کا تحریری معاہدہ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کو سیریز یو اے ای میں کروانے کی پیش کش بھی کی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں سیریز ہماری ہوم سیریز ہوگی۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ بنگلہ دیش بورڈ سے مذاکرات جاری ہیں۔ امید ہے کہ بی سی بی ہمارے موٴقف کو سمجھ جائے گی اور دورہ پروگرام کے مطابق ہوگا۔ نجم سیٹھی نے بتایا کہ بنگلہ دیش پاکستان کو اخراجات کا کچھ حصہ ادا کرنے کو تیار ہے لیکن یہ شیئر میں حصہ کا متبادل نہیں ہوسکتا۔ پاکستان یو اے ای میں سیریز کھیلنے کو تیار ہے لیکن شیئرمیں شراکت کے بغیر بنگلہ دیش کا دورہ نہیں کرے گا۔

متعلقہ عنوان :