کسی کنٹینر کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ خود کو بیلٹ باکس سے بھاری تصور کرے، پرویز رشید، دھرنا سازش کے پیچھے پرویز مشرف تھے اب بھی جو انکے ساتھ لگے گا زیرو ہو جائے گا،سعدرفیق

اتوار 8 فروری 2015 10:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8فروری۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ کسی کنٹینر کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ خود کو بیلٹ باکس سے بھاری تصور کرے۔ عمران خان کی احتجاجی فلم دوبارہ بھی ناکام ہو گی جبکہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ دھرنا سازش کے پیچھے پرویز مشرف تھے اب بھی جو انکے ساتھ لگے گا زیرو ہو جائے گا۔

مسلم لیگ ن کی رہنما تہمینہ دولتانہ کی طرف سے دیئے گئے عشائیہ میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ کسی کنیٹر کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ بیلٹ باکس پر خود کو بھاری تصور کرے۔ تحریک انصاف کے ساتھ جوڈیشل کمیشن قیام کی گفتگو چل رہی ہے۔ اسحاق ڈار نے کچھ سوالات اٹھائے ہیں جن کے جواب کا انتظار ہے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف نے جو تحفظات اٹھائے انھیں وہ ٹربیونل میں ثابت نہیں کر سکی جب وہ کوئی الزام ثابت نہیں کر سکے تو جوڈیشل کمیشن میں کیا لیکر جائیں گے تاہم عمران خان کی تسلی کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے عمران خان کی طرف سے احتجاج کی دوبارہ کال کے فیصلے کو ہدف تنقید بنایا۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی قیادت میں انجمن بے روزگاراں اکٹھی ہو رہی ہے جو کچھ نہیں کر سکے گی۔ اس موقع پر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رونے دھونے اور احتجاجی سیاست سے انہیں کچھ نہیں ملے گا البتہ ملک کا نقصان ہو گا۔ سیاستدانوں کو ریڈ لائن عبور نہیں کرنی چاہیے خواہش ہے کہ عمران خان سیاست سیکھ جائیں۔ انہوں نے پرویز مشرف کو ملک کا متتازع ترین شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکے ساتھ جو بھی ملے گا زیرو ہو جائے گا۔ اس موقع پر تہمینہ دولتانہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی عہدوں کے لئے سیاست نہیں کی انکے لیڈر محمد نواز شریف ہیں اور وہی ان کے لیڈر رہیں گے