کرکٹ ورلڈ کپ 2015 کے ریکارڈ بریکر کھلاڑی

ہفتہ 7 فروری 2015 08:33

دوبئی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7فروری۔2015ء )اے بی ڈی ویلئیرز نے گزشتہ دنوں 31 گیندوں پر سنچری کرکے کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل ون ڈے میں تیز ترین سنچری کا ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا، تاہم آسٹریلیا و نیوزی لینڈ میں شروع ہونے والے ایونٹ میں ریکارڈ بریکرز کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شرکت کررہی ہے جن کی نظریں جنوبی افریقی کپتان کی اس ناقابل فراموش پرفارمنس کو دھندلانے پر مرکوز ہے۔

درحقیقت ڈی ویلیئرز دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ میں اس ریکارڈ کے ساتھ شرکت کرنے والے واحد کھلاڑی نہیں۔ یہاں آپ ایسے ہی چند بڑے ہٹرز کے بارے میں جان سکیں گے جو تیز ترین اننگز کھیل چکے ہیں اور اس ایونٹ میں بھی وہ اپنی کارکردگی سے سب کو حیران کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ون ڈے کرکٹ رینکنگ میں نمبر ون بلے باز کی حیثیت سے ڈی ویلیئرز میگا ایونٹ میں شرکت کر رہے ہیں اور اٹھارہ جنوری کو صرف 44 گیندوں پر 149 رنز کی اننگ کے ساتھ وہ باوٴلرز کے دلوں پر خوف طاری کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی ویلیئرز 2014 میں سب سے بہترین ون ڈے بیٹنگ اوسط کے ساتھ کھیلتے رہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی ریکارڈ شکن اننگ میں انہوں نے 16 بار گیند کو ہجوم کے درمیان پھینک کر ایک روزہ میچز کی ایک اننگ میں روہت شرما کا سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی برابر کیا۔ڈی ویلیئرز سے پہلے ون ڈے میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن کے پاس تھا جو انہوں نے جنوری 2014 میں ویسٹ انڈیز کے ہی خلاف 36 گیندوں پر بنایا تھا۔

اس اننگ میں کورے اینڈرسن نے 47 گیندوں پر ناقابل شکست 131 رنز اسکور کیے جو اب تک ان کے 21 میچز کی سب سے بہترین اننگ بھی ہے اور ان کا اسٹرائک ریٹ 131.85 ہے اور ورلڈ کپ میں یہ نوجوان کھلاڑی سب کی توجہ کا مرکز ہوگا کیونکہ اسے ہوم گراوٴنڈ کا ایڈوانٹیج بھی حاصل ہوگا۔پاکستان کے شاہد آفریدی نے 1996 میں سری لنکا کے خلاف 37 گیندوں پر ون ڈے کی تیز ترین سنچری بنائی جو ریکارڈ ان کے پاس جنوری 2014 تک رہا جسے کورے اینڈرسن نے توڑا۔

سترہ سال تک عالمی ریکارڈ اپنے پاس رکھنے والے آفریدی اکثر و بیشتر ہی بہت تیز رفتاری سے سنچری تک کا سفر طے کرتے ہیں جیسے 2005 میں انڈیا کے خلاف 45 گیندوں اور 2008 میں بنگلہ دیش کے خلاف 53 گیندوں پر سنچریاں اس کی مثال ہیں اور وہ اپنے آخری ورلڈ کپ کو بھی اپنی کارکردگی سے یادگار بنانے کے لیے پْرعزم ہیں۔آئرلینڈ کے کیون اوبرائن کو ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ حاصل ہے جو انہوں نے 2011 کے عالمی ایونٹ میں انگلینڈ کے خلاف پچاس گیندوں میں بنایا۔

اس اننگ کو گزشتہ ٹورنامنٹ کی چند بہترین اننگز میں سے ایک مانا جاتا ہے اور ورلڈ کپ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری کے دوران کیون اوبرائن نے 13 چوکے اور 6 چھکے لگائے اور ایک یادگار فتح اپنی ٹیم کے نام کرکے ایک بڑا اپ سیٹ کیا۔ویرات کوہلی کو تیز ترین سنچری کرنے والے انڈین کرکٹر کا اعزاز حاصل ہے جو انہوں نے 2013 میں آسٹریلیا کے خلاف 52 گیندوں میں اسکور کی۔

ان کا جارحانہ انداز اور تسلسل سے بہترین بیٹنگ انہیں دنیا کے چند بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک بناتی ہے اور وہ 2015 کے ایونٹ میں بیس ون ڈے سنچریوں کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے اعزاز کے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ویرات کوہلی نے اپنے کرئیر کی سب سے بہترین اننگ 2012 میں پاکستان کے خلاف کھیلی جس میں انہوں نے 183 رنز اسکور کیے۔

آسٹریلیا کے جیمز فالکنر بنیادی طور پر آل راوٴنڈر ہیں جو ایک بہترین بلے باز کی شکل میں ابھرے ہیں اور انہیں آسٹریلین ٹیم کی جانب سے سب سے تیز سنچری بنانے کا ریکارڈ حاصل ہے۔ انہوں نے تھری فیگر اننگ محض 57 گیندوں پر 2013 میں انڈیا کے خلاف بنگلور کے مقام پر کھیلی تھی۔بنگلہ دیشی تاریخ کے سب سے کامیاب کھلاڑی شکیب الحسن کو اپنے ملک کی جانب سے سب سے تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

شکیب الحسن نے 2009 میں زمبابوے کے خلاف 63 گیندوں پر اپنے ملک کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنایا تھا جبکہ ورلڈ کپ مقابلوں میں وہ اب تک تین نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔ویسٹ انڈیز کے اس جارح مزاج بلے باز کی تعریف کرنے کی ضرورت نہیں درحقیقت ون ڈے کرکٹ میں 8800 سے زائد رنز اور 158 وکٹوں کے ساتھ وہ اپنی کارکردگی سب کے سامنے ثابت کرچکے ہیں۔ ایک روزہ کرکٹ میں اکیس سنچریاں کرنے والے گیل نے اب تک دو تیز ترین سنچریاں اسکور کی ہیں جن میں سے ایک 69 اور ایک 70 گیندوں پر کی گئی۔

آسٹریلین اوپنر ڈیوڈ وارنر کے لیے 2015 کا ورلڈ کپ کرکٹ کے اس سب سے بڑے ایونٹ میں شرکت کا پہلا موقع ہے۔ اس بلے باز نے 2014 میں گیارہ میچز کے دوران 406 رنز اسکور کیے گئے جبکہ 2015 کا آغاز وارنر نے 115 گیندوں پر 127 رنز کی شاندار اننگ کے ساتھ کیا اور عالمی ایونٹ کے لیے اپنے خطرناک ارادوں کا اظہار کردیا۔انڈیا کے بلے باز روہت شرما کے لیے 2014 شاندار ثابت ہوا جس کے دوران انہوں نے ون ڈے کی تاریخ کی سب سے بڑی اننگ کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

سری لنکا کے خلاف اس اننگ میں روہت شرما نے 173 گیندوں پر 264 رنز کی ریکارڈ بریکر اننگ کھیلی اور سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ روہت ون ڈے کی تاریخ کا واحد کھلاڑی ہے جس نے دو ڈبل سنچریاں کر رکھی ہیں اور ورلڈ کپ میں وہ اپنی کارکردگی کو دوہرانے کا پورا ارادہ رکھتا ہے۔

متعلقہ عنوان :