او آئی سی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دباو ڈالے، اسحاق ڈار ، کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ایک دیرینہ مسئلہ ،، 56 سال گزرنے کے باوجود سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، وفاقی وزیرخزانہ کا پاکستان قونصلیٹ دبئی میں یوم یکجہتی کشمیر سیمینارسے خطاب

ہفتہ 7 فروری 2015 09:27

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7فروری۔2015ء) وفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) پر زو ر دیا ہے کہ وہ مسلئہ کشمیر کے حل کے حوالے بھارت پر دباو ڈالنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ،ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی جو دنیا کی آبادی کے پانچواں حصہ کے ساتھ 57 ممالک کی تنظیم ہے اور کھربوں ڈالر جی ڈی پی کی حامل ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت بھارت پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے موثر زور ڈال سکتی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان قونصلیٹ کی جانب سے منعقد کئے گئے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسلامی دنیا کی نمائندہ تنظیم او آئی سی کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک کی مسلسل حمایت کر رہی ہے اور اپنی قراردادوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اپنی تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ایک دیرینہ مسئلہ ہے اور 56 سال گزرنے کے باوجود اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کیا گیا جن میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے استصواب رائے کا وعدہ کیا گیا۔