خیبر پختونخواہ کا ٹمبرمافیا کے خلاف اعلان جنگ کا اعلان،جنگلات کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث مافیا کیخلاف سخت کاروائی کی جائیگی، عمران خان ،ہمیں پتہ ہے کہ غیر قانونی کٹائی میں بہت بڑا مافیا، سیاستدان اور فارسٹ افیسرز ملوث ہیں تاہم ان سب کو عبرتناک سزائیں دلوائیں گے ۔بلین ٹری سونامی پروگرام کے ذریعے صوبے میں ایک ارب نئے درخت بھی لگائیں گے جبکہ جنگلات کا بھی تحفظ کیا جائیگاکیونکہ یہ ہمارے مستقبل کیلئے انتہائی ضروری ہے ۔ ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کیمپس کے سیمینار ہال میں محکمہ فارسٹ کی جانب سے بریفنگ کے بعد بات چیت

ہفتہ 7 فروری 2015 09:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7فروری۔2015ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبر پختونخوا میں ٹمبر مافیا کیخلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث مافیا کیخلاف سخت کاروائی کی جائیگی،ہمیں پتہ ہے کہ غیر قانونی کٹائی میں بہت بڑا مافیا، سیاستدان اور فارسٹ افیسرز ملوث ہیں تاہم ان سب کو عبرتناک سزائیں دلوائیں گے ۔

بلین ٹری سونامی پروگرام کے ذریعے صوبے میں ایک ارب نئے درخت بھی لگائیں گے جبکہ جنگلات کا بھی تحفظ کیا جائیگاکیونکہ یہ ہمارے مستقبل کیلئے انتہائی ضروری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کیمپس کے سیمینار ہال میں محکمہ فارسٹ کی جانب سے بریفنگ کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین،وزیر اعلیٰ پرویز خٹک،صوبائی صدر اعظم سواتی،مرکزی رہنما امین اسلم ،مشیر ماحولیات اشتیاق ارمڑ و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ماحولیات نذر حسین شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرن کے علاقے میں ونڈ فال کے نام پر جنگلات کی بے دریغ کٹائی کی گئی اور پھر آگ لگا کرثبوت مٹانے کی کوشش کی گئی جس پر چیف کنزرویٹر فارسٹ سمیت 16افسران و اہلکاروں کو معطل کر کے ان کیخلاف انکوائری شروع کر دی گئی ہے ۔بریفنگ کے بعد خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ صوبے میں جنگلات کے حوالے سے نئی پالیسی لائیں گے ۔

جلد ہی کاربن پلس معاہدہ بھی کیا جائیگاجبکہ بلین ٹری سونامی پروگرام کے ذریعے صوبے میں ایک ارب نئے درخت بھی لگائیں گے ۔انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں صوبے میں ایک کھرب سے زائد مالیت کے جنگلات بے رحمی سے کاٹے جا چکے ہیں ۔پاکستان میں صرف چار فیصد جبکہ خیبر پختونخوا میں بیس فیصد جنگلات ہیں جبکہ انکی تعداد اس سے کئی زیادہ ہونی چاہئے۔

جنگلات کی کٹائی گلوبل وارمنگ،سیلابوں اور زرخیز زمینوں کی تباہی کا باعث بنتی ہے اور اس کا اثر پورے پاکستان پر ہوتا ہے ۔صوبائی حکومت جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کو مکمل طور پر رکوائے گی اور اس میں ملوث عناصر کو بھاری جرمانے اور سزائیں دی جائینگی۔جنگلات سے صوبے کو پانچ ارب تک کا فائدہ پہنچائیں گے ۔انھوں نے کہا کہ فارسٹ کے محکمے سے گندی مچھلیوں کو نکالنا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاستدان سن لیں کہ جنگلات کی کٹائی پر اب کوئی رعایت نہیں ہو گی ۔انھوں نے محکمہ جنگلات کی جانب سے بلین ٹری سونامی پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانے کیلئے ہفتہ وار چھٹیاں کینسل کرنے کے اقدام کو سراہا۔بعد ازاں تحریک انصاف مانسہرہ کے عہدیداروں سے بھی پارٹی چیئرمین عمران خان اور دیگر رہنماؤں کی ملاقات ہوئی جس میں کارکنان نے مختلف شعبوں کے حوالے سے چیئرمین کو آگاہ کیا اور اپنی شکایات اور مسائل بھی ان کے سامنے رکھے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے اس موقع پر عوامی شکایات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر معطل کرنے کا اعلان کیا۔عمران خان نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے دو ادارے شوکت خانم ہسپتال اور نمل یونیورسٹی بنائے اور ان دونوں کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا کیونکہ میں نے اس میں ایک آدمی کی بھرتی کی سفارش نہیں کی اور نہ ہی کسی مریض کی سفارش کی ،اسے میرٹ کہتے ہیں ۔ایاز صادق کیساتھ میرا کیس چل رہا ہے لیکن اس کے بیٹے کو ابھی شوکت خانم ہسپتال میں بطور کنسلٹنٹ نوکری ملی ہے ، یہ انصاف ہے ۔انھوں نے کہا کہ کارکن حوصلہ رکھیں تمام مسائل وقت پر حل ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :