وزیر اعظم محمد نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملاقات ،نیشنل ایکشن پلان ،آپریشن ضر ب عضب اور ملک کی مجموعی امن وامان کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال، آ رمی چیف نے دورہ چین اور کور کمانڈر کانفرنس کے حوالے سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری، نیشنل ایکشن پلان کے تحت اب تک 10616افراد کو گرفتار کیا گیا، ملک بھر میں 14886 آپریشن کئے گئے ہیں، 3400افغان مہاجرین کو ملک بھر کیا گیا،وزیراعظم ہاؤس میں دی گئی بریفنگ میں انکشاف، اب تک 2کروڑ 55لاکھ سموں کی تصدیق ہوچکی ۔ بریفنگ میں وزیراعظم کو آگاہی ، وزیراعظم کانیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے اب تک کی کارکردگی پر ا ظہار اطمینان، مزید بہتر بنانے کیلئے ہدایات بھی جاری کیں

ہفتہ 7 فروری 2015 09:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7فروری۔2015ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی ہے ،ملاقات میں نیشنل ایکشن پلان ،آپریشن ضر ب عضب اور ملک کی مجموعی امن وامان کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف نے دورہ چین اور کور کمانڈر کانفرنس کے حوالے سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔جمعہ کے روز وزیر اعظم نواز شریف نے یہاں وزیر اعظم ہاؤس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی ہے ،ملاقات میں ملک کی مجموعی امن وامان کی صورت حال پر گفتگو کی گئی جبکہ آپریشن ضرب عضب ،قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد،صوبوں میں انسداد دہشت گردی فورس کی تربیت اور پاک فوج کی پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ کیا گیا ،اس موقع پر آرمی چیف نے دورہ چین اور گزشتہ روز ہونے والی کور کمانڈر کانفرنس کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ادھرقانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت اب تک 10616افراد کو گرفتار کیا گیاہے جبکہ ملک بھر میں 14886 آپریشن کئے گئے ہیں ۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو وزیراعظم ہاؤس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری ہے اس حوالے سے دہشتگردوں کیخلاف موثر کارروائیاں ہو رہی ہیں ۔

بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے آغاز سے لیکر اب تک مجموعی طور پر 10616افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں 1934 کو پنجاب میں گرفتار کیا گیا اسی طرح 1533سندھ ،6038کے پی کے ، 460بلوچستان 505اسلام آباد،7کشمیر ، 10گلگت بلتستان اور 129افراد کو فاٹا سے گرفتار کیا گیا ۔ بریفنگ میں کئے گئے آپریشن کی تفصیلات بتائی گئیں جس کے مطابق مجموعی طورپر 14886 آپریشن کئے گئے جن میں سے 9413پنجاب ، 1577سندھ ،2724کے پی کے ،39بلوچستان ،336اسلام آباد،720 کشمیر ، 21گلگت اور 56 آپریشن فاٹا میں کئے گئے ۔

لاؤڈ سپیکرز کی خلاف ورزی کرنے والے کل 2035افراد کیخلاف کارروائی کی گئی جن میں سے 1806پنجاب میں 169کے پی کے میں 46کشمیر میں اور ایک گلگت بلتستان میں اور 69اسلام آباد میں شامل ہیں ۔لوگوں کو اشتعال انگیز تقاریر کرنے پر مجموعی طور پر 540مقدمات درج کئے گئے جن میں سے 455پنجاب میں 34 خیبر پختونخواہ میں ،4بلوچستان میں 46 آزاد کشمیر میں اور ایک گلگت بلتستان میں مقدمہ درج کیا گیا ان مقدمات پر کارروائی کرتے ہوئے 405افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 41دکانیں بھی سیل کی گئی ہیں ۔

نیشنل ایکشن پلان کے تحت افغان مہاجرین کی ملک بدری کا سلسلہ بھی جاری ہے اس حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک کل 3400افغان مہاجرین کو ملک بھر کیا گیا ہے جن میں سے 2846خیبر پختونخواہ ، 195بلوچستان اور 376فاٹا سے گرفتار کرکے انہیں ملک بدر کیا گیا ۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت غیر قانونی طور پر کرنسی کی بیرون ملک بھجوانے اور منگوانے کے حوالے سے بھی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اس سلسلے میں 18کیس رجسٹرڈکئے گئے ہیں جبکہ 24افراد کو گرفتار کیا گیاہے اس کارروائی میں 71.5ملین روپے بھی وصول کئے گئے ہیں ۔

حکومت کی طرف سے دہشتگردوں اورانتہا پسندوں کے متعلق اطلاع دینے کیلئے شروع کی گئی ہیلپ لائن 1717پر 161کالیں وصول کی گئیں جن میں سے 105پنجاب سے ،18سندھ سے ،5بلوچستان سے 15کالیں اسلام آباد سے تھیں ۔ ان کالز کی روشنی میں اور دی گئی معلومات پر انٹیلی جنس ایجنسیوں نے 1250آپریشن کئے ۔ بریفنگ میں وزیراعظم کو موبائل سموں کی رجسٹریشن کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ اب تک 2کروڑ 55لاکھ سموں کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 87777ٹیلی نار ،77لاکھ 55ہزار 753موبی لنک ،41لاکھ 86ہزار 141زونگ ، 34لاکھ 46ہزار 538یو فون اور 20لاکھ 5ہزار 589وارد کمپنی کی سموں کی تصدیق شامل ہے ۔

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتر بنانے کیلئے ہدایات بھی جاری کی ہیں ۔