محمدعامرکا عمرایسوسی ایٹ ٹیم سے معاہدہ،لیفٹ آرم فاسٹ بولر9 مارچ سے گریڈ ٹو میں عمرایسوسی ایٹ کی نمائندگی کریں گے،ورلڈکپ کے بعد محمد عامر قومی ٹی20 سپرایٹ ٹورنامنٹ میں بھی شرکت کرسکتے ہیں،پابندی سے قبل وہ نیشنل بینک کے ملازم تھے، اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا کے بعد بینک نے انکا کنٹریکٹ ختم کردیا تھا

جمعرات 5 فروری 2015 12:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5فروری۔2015ء)فاسٹ بولر محمدعامر نے عمرایسوسی ایٹ سے معاہدہ کرلیا۔ مارچ میں ادارے کی جانب سے گریڈ ٹو کرکٹ کھیلیں۔ لیفٹ آرم فاسٹ بولرساڑھے چارسال بعد باقاعدی ایکشن میں نظرآئیں گے۔فاسٹ بولر محمدعامر نے عمرایسوسی ایٹ سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کیلئے معاہدہ کرلیا۔ لیفٹ آرم فاسٹ بولر نو مارچ سے گریڈ ٹو میں عمرایسوسی ایٹ کی نمائندگی کریں گے۔

وہ ساڑھے چار سال بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایکشن میں نظرآئیں گے۔آئی سی سی نے اپنے آئین میں نئی ترمیم کے تحت گذشتہ ماہ محمد عامرکو پانچ سالہ پابندی کے خاتمے سے چھ ماہ قبل ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کی اجازت دی تھی۔ لیکن پاکستان میں ڈومیسٹک سیزن ختم ہوچکا ہے۔ اس لئے وہ اب گریڈ ٹو کرکٹ ہی کھیل سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

جس کیلئے کے الیکٹرک اور کے پی ٹی سمیت کئی ٹیمیں فاسٹ بولر کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے میں دلچسپی رکھتی تھیں۔

تاہم محمد عامر نے کنسٹرکشن اور پراپرٹی کا کام کرنے والی پرائیویٹ فرم عمرایسوسی ایٹ سے معاہدہ کیا ہے اور نومارچ سے وہ گریڈ ٹو کرکٹ میں ادارے کی نمائندگی کریں گے۔ورلڈکپ کے بعد محمد عامر قومی ٹی ٹوئنٹی سپرایٹ ٹورنامنٹ میں بھی شرکت کرسکتے ہیں۔ پابندی سے قبل وہ نیشنل بینک کے ملازم تھے۔ لیکن اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا کے بعد بینک نے انکا کنٹریکٹ ختم کردیا تھا۔ محمدعامر کی پانچ سالہ پابندی دوستمبرکو ختم ہوگی۔ اور وہ اکتوبر میں شروع ہونیوالے اگلے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کیلئے کسی ٹیم سے معاہدہ نہ ہونے پر ریجنل ٹیم سے کھیل سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :