پاکستان میں کینسر کے مریضوں کے اعدادو شمار ہی موجود نہیں،سابق سپیکر فہمیدہ مرزا کا قومی اسمبلی میں انکشاف

جمعرات 5 فروری 2015 05:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5فروری۔2015ء) سابق سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے قومی اسمبلی میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں کینسر کے مریضوں کے اعدادو شمار موجود نہیں جو وزارت صحت کی ناقص کارکردگی کی عکاسی ہے۔ کینسر کے عالمی دن کے حوالے سے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے سابق سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ آج کینسر کا عالمی دن ہے۔

یہ ایک موذی مرض ہے‘ اس کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

(جاری ہے)

وزیر صحت نے اعتراف کیا ہے کہ ہمارے پاس کینسر کے مریضوں کے اعدادو شمار نہیں ہیں اس پر میں نے تجویز دی تھی کہ نیشنل ایکشن پلان بنایا جائے۔ سارے ہسپتالوں کو خط لکھ کر ڈیٹا لے کر ریکارڈ مرتب کرنا چاہئے۔ انرجی اور دہشت گردی اہم ایشوز ہیں لیکن صحت کے معاملات کو بھی سنجیدگی سے لینا چاہئے۔

پارلیمنٹ بھی کیسز کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے بجلی اور لوڈشیڈنگ پر بات کی کہ اگر لائن لاسز بڑھ جائیں تو 10 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔ وزیر صحت کی عدم موجودگی پر حکومتی نمائندگی کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ کینسر ڈے پر کوئی قرارداد آنی چاہئے تھی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ میں وفاقی وزیر صحت کو معاملے سے آگاہ کروں گا۔