سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان آج اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کرینگے ،بیرسٹر سلطان کو تحریک انصاف آزاد کشمیر کا صدر اور کور کمیٹی کا رکن بنائے جانے کا فیصلہ

جمعرات 5 فروری 2015 05:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5فروری۔2015ء) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان (آج) جمعرات کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت عمران خان کی موجودگی میں تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرینگے ۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز تحریک انصاف کی ہائی کمان اور آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان کے درمیان تمام سیاسی امور پر بات چیت مکمل ہوگئی ہے اور بیرسٹر سلطان آ ج جمعرات کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیپلز پارٹی کو خیر باد کہہ کر تحریک انصاف میں شامل ہوجائینگے ۔

بیرسٹر سلطان کے ہمراہ آزاد کشمیر کی کئی اہم سیاسی شخصیات بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرینگی ۔ اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں راول ڈیم کے قریب ایک ریسٹورنٹ میں اہم پریس کانفرنس کے انعقاد کیلئے بکنگ کروائی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کاکہنا ہے کہ بیرسٹر سلطان اس موقع پر ممکنہ طور پر آزاد کشمیر سے مستعفی ہونے کا اعلان بھی کرسکتے ہیں ۔

بیرسٹر سلطان کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے ایک درجن سے زائد ممبران کی بھی پی ٹی آئی میں شمولیت کی توقع کی جارہی ہے ۔ بیرسٹر سلطان اور تحریک انصاف کی قیادت کے درمیان رابطوں کے بعد پہلے ہی آزاد کشمیر کی سیاست میں کافی ہلچل مچی ہوئی ہے اور بیرسٹر سلطان پیپلز پارٹی کے صف اول کے لیڈر شمار ہوتے ہیں ۔ بیرسٹر سلطان کی تحریک انصاف میں شمولیت سے ایک طرف پیپلز پارٹی کا بڑا نقصان ہوگا جبکہ دوسری طرف مسلم لیگ میں بھی دراڑیں پڑ چکی ہیں ۔

ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کے باغی اراکین چوہدری اسماعیل ، چوہدری عزیز اور یاسین بنگش بھی تحریک انصاف سے رابطے میں ہیں ۔ بیرسٹر سلطان کی تحریک انصاف میں شمولیت کے اعلان کے بعد آزاد کشمیر کی سیاست میں بیرسٹر سلطان کا کردار بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہوجائے گا کیونکہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی تنظیم سازی بھی انہی کے کندھوں پر ہوگی،اس موقع پرتحریک انصاف کی طرف سے بیرسٹر سلطان کو آزاد کشمیر کے صدر بنائے جانے کا امکان ہے اور بیرسٹر سلطان کو کور کمیٹی کا رکن بنائے جانے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔