پاکستان کے ساتھ بہتر رشتوں کے خواہاں ہیں ، دہشتگردی کا خاتمہ ہونا چاہیے ، سشما سوراج ، چین کے ساتھ تعلقات تاریخ کے اہم دور میں داخل ہوچکے ہیں ، صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 5 فروری 2015 06:29

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5فروری۔2015ء) بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ بہتر رشتوں کا خواہاں ہے تاہم دہشتگردی برداشت سے باہر ہے ، چین کے ساتھ دوستی تاریخ کے اہم دور میں داخل ہوگئی ہے ۔ چینی میڈیا کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا حامی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سرحدی تنازعات کے باوجود چین کے ساتھ رشتے مضبوط ہوتے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے دونوں ممالک کی طرف سے بیانات سامنے آرہے ہیں اور اپنے حالیہ دورے کے دوران انہوں نے بیجنگ میں چینی صدر اور وزیراعظم کے علاوہ کئی اہم ترین رہنماؤں سے بات چیت کی ہے اور اس بات چیت کے دوران سرحدی تنازعات کا پائیدار حل تلاش کرنے کیلئے کوششوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے اور اس حوالے سے عنقریب چینی وزارت خارجہ کا ایک وفد نئی دہلی کا دورہ کررہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا ایک اہم پڑوسی ملک ہے اور ہم اس کے ساتھ بہتر رشتوں کے متمنی ہیں تاہم دہشتگردی کا معاملہ ایک ایسا معاملہ ہے جس کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان کو اپنے وعدے پورے کرنا ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :