دعوے سے کہہ سکتا ہوں ایاز صادق کو اب کوئی نہیں بچا سکتا،عمران خان ،گلگت بلتستان میں نگراں وزیراعلی کی تقرری کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے،دھرنے کی وجہ سے دھاندلی سے متعلق رپورٹیں سامنے آ ئیں ،پرویز رشید جھوٹا درباری ہے نوازشریف کابینہ سے فارغ کریں،نئے انتخابات کے بعد اسمبلیوں میں جائیں گے،ہم سمجھتے تھے پیپلزپارٹی ہی نااہل ہے لیکن مسلم لیگ ن ادھوری دھاندلی کر کے اس سے بھی زیادہ نااہل ثابت ہوئی ہے،پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 5 فروری 2015 06:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5فروری۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو مستعفی ہونے سے کوئی نہیں بچا سکتا،گلگت بلتستان میں نگراں وزیراعلی کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے ، اس تقرری کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے،دھرنے کی وجہ سے دھاندلی سے متعلق رپورٹیں سامنے آ ئیں ،پرویز رشید بے شرم جھوٹا درباری ہے نوازشریف اسے کابینہ سے فارغ کریں،نئے انتخابات کے بعد اسمبلیوں میں جائیں گے،ہم سمجھتے تھے کہ پیپلزپارٹی ہی نااہل ہے لیکن مسلم لیگ ن ادھوری دھاندلی کر کے اس سے بھی زیادہ نااہل ثابت ہوئی ہے۔

بدھ کے روز تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ این اے 122 میں دھاندلی کی فرانزک رپورٹ تیار کرالی اور دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق عہدے سے فارغ ہو جائیں گے ، اب انہیں کوئی نہیں بچا سکتا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف اس وقت اسمبلیوں میں جائے گی جب دھاندلی ثابت ہوجائے گی لیکن اب نئے انتخابات کے بعد ہی اسمبلیوں میں جائیں گے کیونکہ جعلی اسمبلیوں میں جانے کا کوئی فائدہ نہیں،بہت جلد نئے انتخابات دیکھ رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حامد زمان اور میرے حلقے میں دھاندلی سے متعلق رپورٹ ٹریبونل نے الیکشن کمیشن کو جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ این اے 122 کے 150 پولنگ اسٹیشنز پر ریٹرننگ افسران کے فارم 14 اور 15 پر دستخط ہی موجود نہیں جب کہ 20 پولنگ اسٹٰیشن کے فارم 19 اور 20 پر ایک ہی شخص کے دستخط ہیں، اگر مسلم لیگ (ن) کو دھاندلی کرنی ہی تھی توتھوڑی عقل استعمال کرلیتے،چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حامد زمان کے حلقے میں ایک لاکھ 70 ہزار ووٹوں میں سے ایک لاکھ 19 ہزار بوگھس ووٹ نکلے ہیں اگر ایسے الیکشن کرانے ہیں تو اس سے بہتر ہے کہ انتخابات ہی نہ کرائے جائیں، 126 دن کا دھرنا صرف اس دھاندلی کی وجہ سے دیا تھا اور اگر دھرنا نہ دیتے تو اگلے 5 سال تک این اے 122 میں کی جانے والی دھاندلی منظر عام پر نہ آتی۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں نگراں وزیراعلی کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے اور اس تقرری کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے، جن اسمبلیوں سے استعفیدے دیئے اب وہاں واپس نہیں جائیں گے، ہم نے مشکل وقت میں صبرکیا، جلد ہی ہمیں صبر کا پھل بھی ملے گا۔ وقت میرے ساتھ ہے، مجھے پتا ہے آگے کیا ہونے والا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین اور میرے حلقے میں دھاندلی ثابت ہوگئی ہے جبکہ حامد خان کے حلقے سے بھی اگلے ہفتے رپورٹ آجائے گی۔

عمران خان نے کہا کہ پرویز رشید ایک جھوٹا بے شرم درباری ہے نواز شریف کو چاہئے کہ اسے جھوٹ بولنے پر کابینہ سے نکالے۔بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے جب عالمی مارکیٹ میں پٹرول سستا ہوا ہے تو پھر بجلی کو سستا کیوں نہیں کیا گیا جبکہ عمران خان نے گلگت بلتستان مسلم ق کے مرزا حسین اور آمنہ انصاری کو تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور دیگر رہنما بھی آج یوم کشمیر کے موقع پر پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔