کراچی:کالعدم تنظیم کے دومجرموں کوپھانسی دیدی گئی ،دونو ں مجرموں پر 2001 ء میں سولجر بازار کے علاقے میں ڈاکٹر علی رضا کوقتل کرنے کا الزام تھا

بدھ 4 فروری 2015 08:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 5فروری۔2015ء)کراچی سینٹرل جیل میں کالعدم تنظیم کے دو قیدیوں کو ڈاکٹر علی رضا کے قتل کے جرم میں پھانسی دے دی گئی ، 2001 ء میں سولجر بازار کے علاقے میں ڈاکٹر علی رضا کو فرقہ وارانہ بنیاد پر قتل کرنے والے مجرم عطاء اللہ عرف قاسم اور محمد اعظم عرف شریف کو پھانسی دے دی گئی۔ پھانسی کی سزا سے پہلے مجرموں کی ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرائی گئی جبکہ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے پھانسی سے پہلے ان کا طبی معائنہ بھی کیا ، اس دوران سینٹرل جیل اور اس کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

دونوں کو 2004ء میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پھانسی کے مجرموں محمد اعظم اور عطائاللہ کی پھانسی روکنے کی اہل خانہ کی درخواستیں مسترد کردی تھی۔

(جاری ہے)

پھانسی کے موقع پر کراچی کی سینٹرل جیل میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔پاکستان میں پھانسی کی سزاوٴں پر عمل درآمد کا یہ سلسلہ دسمبر 2014 سے شروع ہوا تھا جب وزیرِ اعظم پاکستان نواز شریف نے پشاور میں آرمی سکول پر طالبان کے حملے میں 150 افراد کی ہلاکت کے بعد دہشت گردوں کی سزائے موت پر عمل درآمد کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔

س اعلان کے بعد سے اب تک 22 مجرموں کو ملک کی مختلف جیلوں میں پھانسی دی جا چکی ہے۔کراچی جیل میں ان پھانسیوں سے قبل دو مجرمان بہرام خان اور محمد سعید کو پھانسی دی گئی ہے۔اب تک پھانسی پانے والے مجرموں میں سے زیادہ تر فوجی اداروں پر حملے یا پھر سابق صدر پرویز مشرف پر قاتلانہ حملوں کے مجرم تھے جبکہ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے کچھ شدت پسند بھی سزائے موت پانے والوں میں شامل ہیں۔پاکستان میں پھانسیاں دینے کا عمل ایک طویل وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوا ہے۔