قومی ایکشن پلان ،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی زیر صدارت ایپکس کا اجلاس،سندھ میں انسداد دہشت گردی فورس بنانے کا فیصلہ،ایک ہزار پر مشتمل فورس قائم کی جائے گی ،فوج خصوصی تربیت دے گی ،اجلاس میں فیصلہ، 10 روز میں فوجی عدالتوں کو بھیجے جانے والے کیسز مکمل کر کے وفاقی حکومت کو بھجوائے جائیں،وزیر اعلی سندھ کی ہدایت

منگل 3 فروری 2015 09:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3فروری۔2015ء)وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے قانونی حکام کو ہدایت کی ہے کہ10 روز میں فوجی عدالتوں کو بھیجے جانے والے کیسز مکمل کر کے وفاقی حکومت کو بھجوائے جائیں تاکہ دہشت گردوں کا جلد از جلد ٹرائیل کیا جاسکے۔پیر کے روز وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت قومی ایکشن پر عملدرآمد کے حوالے سے ایپکس کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں گورنر سندھ عشرت العباد،کور کمانڈر کراچی ،ڈی جی رینجرزاور دیگر حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس میں سندھ میں انسداد دہشت گردی فورس بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو ایک ہزار پر مشتمل ہوگی جس کی فوج خصوصی تربیت دے گی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دس کمیٹیاں بنائی جائیں گی اور ہر کمیٹی میں 100 اہلکار شامل ہوں گے ۔اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں تین زونل ایپکس کمیٹی سندھ تین زون میں تقسیم کیا گیا ہے ،کراچی میں ایپکس کمیٹی کے علاوہ حیدرآباد میں ایک ایپکس کمیٹی ہوگی جس میں جنرل ،آفیسر کمانڈنگ شامل ہوں گے ،میر پور خاص ،نواب شاہ میں کمشنر اور ڈی آئی جی شامل ہوں گے جبکہ سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے قانونی حکام کو ہدایت کی کہ دہشت گردوں کے فوجی عدالتوں کو بھیجے جانے والے کیسز جلد از جلد فائنل کریں اور وفاقی حکومت کو ارسال کئے جائیں تا کہ فوجی عدالتوں میں دہشت گردوں کا جلد از جلد ٹرائل کیا جائیگا ۔قانونی حکام نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فوجی عدالتوں کو بھیجے جانے والے 57 کیسز فائنل کر لئے ہیں جو جلد وفاق کو بھیجے جائیں گے جبکہ دیگر مقدمات پر تیزی سے کام جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :