نیپرا کا کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کو معاہدہ ختم ہونے کے بعد نیشنل گریڈ سے دی جانے والی 650میگاواٹ بجلی نہ دینے کا فیصلہ،کراچی الیکٹرک کے صارفین کی بجلی کی ضروریات 1700میگاواٹ ہے، کمپنی اپنے ذرائع سے2456میگاواٹ بجلی پیدا کرسکتی ہے لہٰذاکراچی الیکٹرک اپنی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اپنے پیداواری ذرائع کو استعمال کرے،کراچی الیکٹرک کو نیپرا کی جانب سے تحریری مراسلہ جاری

منگل 3 فروری 2015 09:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3فروری۔2015ء)نیپرا کی جانب سے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کو معاہدہ ختم ہونے کے بعد نیشنل گریڈ سے دی جانے والی 650میگاواٹ بجلی نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،کراچی الیکٹرک کو نیپرا کی جانب سے تحریری مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کراچی الیکٹرک کے صارفین کی بجلی کی ضروریات 1700میگاواٹ ہے جبکہ کمپنی اپنے ذرائع سے2456میگاواٹ بجلی پیدا کرسکتی ہے لہٰذاکراچی الیکٹرک اپنی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اپنے پیداواری ذرائع کو استعمال کرے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاورریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا)کے ڈپٹی رجسٹرار افتخار علی خان کی طرف سے کراچی الیکٹرک لمیٹڈ کو ایک تحریری مراسلہ نمبرNEPRA/TRF-133KESC2009/762-764ًجاری کیا گیا ہے،جس میں واضح کیا گیا ہے کہ کراچی الیکٹرک کمپنی نیشنل گریڈ سے حاصل کی جانے والی650میگاواٹ بجلی کے حصول پر انحصار کی بجائے اپنی پیداواری ذرائع کو بہتر بنا کر اپنی ضروریات کو پورا کرے۔

(جاری ہے)

کراچی الیکٹرک کمپنی کے صارفین کی ضروریات 1700میگاواٹ ہے جبکہ کمپنی 2093میگاواٹ بجلی پیدا کر رہی ہے،اگر کمپنی اپنے دیگر پیداواری ذرائع جن میں ٹپال لمیٹڈ اور گل احمد سمیت دیگر شامل ہیں کو استعمال کرے تو مزید 363میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے،اس طرح مجموعی طور پر کراچی الیکٹرک کے پاس2456میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش موجود ہے جس سے کمپنی اپنے صارفین کی ضروریات کو باآسانی پورا کرسکتی ہے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ 25جنوری تک معاہدے کے مطابق کراچی الیکٹرک کمپنی نیشنل گریڈ سے650میگاواٹ بجلی لینے کی مجاز ہے جبکہ معاہدہ ختم ہونے پر نیشنل گریڈسے کراچی الیکٹرک کو مزید سپلائی جاری نہیں کی جاسکتی،لہٰذا اپنی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کمپنی اپنے پیداواری ذرائع کو استعمال کرے ۔

متعلقہ عنوان :