پہلی چیف آف آرمی سٹاف نیشنل ہاکی چیمپئن شپ نیشنل بینک نے جیت لی، 2گول کے مقابلے میں مخالف پی آئی ا ے کی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی،آرمی چیف نے بطور مہمان خصوصی جیتنے والی ٹیم کو 10لاکھ،رنر اپ پی آئی اے کی ٹیم کو 7لاکھ روپے اور آرمی کی ٹیم کو 5لاکھ روپے انعام دیا،اولمپئن رضوان سینئر بہترین کھلاڑی، بہترین گول کیپر کا اعزاز عمران بٹ نے حاصل کیا، آرمی چیف کا قومی کھیل کے شاندار ماضی کو واپس لانے کے عزم کا اظہار، دنیا میں کھیلوں کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے اور یہ قومی وقار کی علامت ہوتے ہیں،خطاب

پیر 2 فروری 2015 08:15

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2فروری۔2015ء) راولپنڈی میں پہلی چیف آف آرمی سٹاف نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کا فائنل 2گول سے نیشنل بینک نے جیت لیا جبکہ مخالف پی آئی ا ے کی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی،اس موقع مہمان خصوصی چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف تھے جنہوں نے جیتنے والی ٹیم کو 10لاکھ،رنر اپ پی آئی اے کی ٹیم کو 7لاکھ روپے اور آرمی کی ٹیم کو 5لاکھ روپے انعام دیا جبکہ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے قومی کھیل کے شاندار ماضی کو واپس لانے کے عزم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کھیلوں کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے اور یہ قومی وقار کی علامت ہوتے ہیں۔

اتوار کے روز راولپنڈی میں پہلا چیف آف آرمی سٹاف ہاکی چیمپئن شپ کا فائنل نیشنل بینک اور پی آئی اے کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔

(جاری ہے)

فائنل میچ کے مہمان خصوصی چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف تھے۔ نیشنل بینک کی ٹیم نے پی آئی اے کی ٹیم کو 2-0 سے ہراکر چیف آف آرمی سٹاف چیمپئن شپ کپ جیت لیا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی نیشنل بینک کی ٹیم کو 10 لاکھ‘ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی پی آئی اے کی ٹیم کو 7 لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستان آرمی کی ٹیم کو 5 لاکھ روپے کا انعام دیا۔

اس موقع پر جنرل راحیل شریف نے کہا کہ قومی کھیل ہاکی کا ماضی واپس لایا جاسکتا ہے۔ دنیا میں کھیلوں کا تعین بہت اہمیت کا حامل ہے۔ قومی کھیل ہاکی کا سنہری دور ضرور واپس لائیں گے اور ہاکی کی کامیابی اور فروغ کیلئے کھلاڑیوں کیساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں اولمپئن رضوان سینئر کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سب سے زیادہ 9گول حاصل کرنے کا اعزاز محمد عمران اور بہترین گول کیپر کا اعزاز پی آئی اے کے اولمپئن عمران بٹ نے حاصل کیا۔آرمی چیف نے فرداً فرداً کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے انہیں ٹرافیاں دیں اور میڈل پہنائے،کھلاڑیوں میں بھی خاصا جوش وخروش دیکھا گیا۔