نیب کی بدعنوانی کے خاتمے کیلئے ”آگاہی اورانسداد“کی عوامی مہم شروع،مہم کے دوران یونیورسٹیوں اور کالجوں کی طالبات کو خاص ہدف بنایا جائے،چیئرمین نیب،کرپشن کے خاتمے اور کل کے نوجوانوں کے خیالات میں تبدیلی کیلئے خواتین بنیادی کردار ادا کرسکتی ہیں،بیان،وزارت کیڈ اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کو کرپشن کے خاتمے کیلئے خواتین سکالرز فورم تشکیل دینے کی تجویز

پیر 2 فروری 2015 08:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2فروری۔2015ء)قومی احتساب بیورو ( نیب) نے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے ”آگاہی اورانسداد“کی عوامی مہم شروع کردی ہے اور چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری نے ہدایت کی ہے کہ اس مہم کے دوران یونیورسٹیوں اور کالجوں کی طالبات کو خاص ہدف بنایا جائے کیونکہ کرپشن کے خاتمے اور کل کے نوجوانوں کے خیالات میں تبدیلی کیلئے خواتین بنیادی کردار ادا کرسکتی ہیں۔

نیب کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیئرمین نیب نے وزارت کیڈ اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کو تجویز دی ہے کہ ملک بھر میں کرپشن کی لعنت کے خاتمے کیلئے خواتین سکالرز پر مشتمل فورم تشکیل دے۔ قمر زمان چوہدری نے کہا کہ یونیورسٹیوں اور کالجوں میں زیر تعلیم طالبات کو خصوصی طور پر ہدف بنا کر مہم چلائی جائے تاکہ مستقبل میں یہ خواتین بہترین مائیں ثابت ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بنیادی اخلاقی قدروں کے ساتھ ساتھ مذہبی تعلیمات کے ذریعے کرپشن کے خاتمے اور کل کے نوجوانوں کے خیالات میں تبدیلی لانے کیلئے طویل عرصہ درکار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بیمار معاشرے اور کرپشن کے خیالات اور عمومی رویوں میں تبدیلی کیلئے نیب کی طرف سے شرع کی گئی یہ مہم انتہائی نیک نیتی کے ساتھ شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مائیں اپنے بچوں کی کردار سازی میں نمایاں کردار کی حامل ہیں اور ان کے رویے اور ترقی میں معاون ثابت ہوتی ہیں اس لئے یونیورسٹیوں اور کالجوں میں زیر تعلیم خواتین کو خصوصی ہدف بنا کر ان پر توجہ دی جارہی ہے تاکہ وہ مستقبل میں بہترین مائیں ثابت ہوسکیں۔

قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری کی ہدایت پر نیب نے عوام بالخصوص نوجوانوں میں کرپشن کی روک تھام اور آگاہی کیلئے بھرپور مہم شروع کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :