چیئرمین اوگرا کے خلاف اسد عمر کے الزامات پر نیب نے تحقیقات شروع کر دیں

پیر 2 فروری 2015 09:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2فروری۔2015ء)نیب نے چیئرمین اوگرا سعید احمد خان کیخلاف کرپشن الزامات پر تحقیقات شروع کر دیں ہیں‘ یہ تحقیقات سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایات پر شروع کی ہیں۔ چیئرمین اوگرا سعید احمد خان پر الزام ہے کہ انہوں نے کرپشن کر کے ناجائز اثاثہ جات بنائے ہیں۔ یو ایف جی کی شرح میں اضافہ‘ ایل پی جی قیمتوں میں استحکام نہ لانا‘ غیر قانونی تعیناتیاں‘ افسران کی غیر قانونی ترقیاں‘ اوگرا ہاؤس تعمیر فنڈز میں گھپلے‘ اوگرا آفس کی تزئین میں مبینہ کرپشن وغیرہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے چیئرمین اوگرا سعید خان کی مبینہ کرپشن کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی۔ سپریم کورٹ نے ابتدائی سماعت کے بعد یہ پٹیشن تحقیقات کے لئے نیب کو ارسال کی تھی عدالت نے حکم دیا تھا کہ تحقیقات مکمل کر کے ریفرنس بھی دائر کیا جائے۔ نیب حکام نے اسد عمر کی پٹیشن پر اب تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ نیب ٹیم نے گزشتہ ہفتے اوگرا آفس کا دورہ بھی کیا تھا اور اہم کاغذات بھی ساتھ لے گئے ہیں۔ ملک میں پیٹرول کے حالیہ بحران پر بھی چیئرمین اوگرا کے خلاف تحقیقات شروع ہیں اور حکومت نے اس بحران کی ذمہ داری اوگرا پر ڈالی ہے۔