علاقائی ترقی اور امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے ،بھارت کشمیر پر وعدے پورے کیے بغیر سلامتی کونسل کا رکن نہیں بن سکتا ، پرویز رشید ،پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی مدد جاری رکھے گا ، پاکستان میں پٹرول کی قیمت دوسرے ممالک کی نسبت سب سے کم ہے ، صوبائی حکومتیں ٹرانسپورٹ کرایوں اور روز مرہ اشیا کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے اقدامات کریں ،پولیس، رینجرز اور مسلح افواج دہشت گردوں کا پیچھا کر رہے ہیں ، دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ، تقریب سے خطاب ، میڈیا سے گفتگو

پیر 2 فروری 2015 09:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2فروری۔2015ء)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ علاقائی ترقی اور امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے ،بھارت کشمیر پر وعدے پورے کیے بغیر سلامتی کونسل کا رکن نہیں بن سکتا ، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی مدد جاری رکھے گا ، پاکستان میں پٹرول کی قیمت دوسرے ممالک کی نسبت سب سے کم ہے ، صوبائی حکومتیں ٹرانسپورٹ کرایوں اور روز مرہ اشیا کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے اقدامات کریں ،پولیس، رینجرز اور مسلح افواج دہشت گردوں کا پیچھا کر رہے ہیں ، دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

اتوار کو یہاں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴں نے شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جواہر لعل نہرو نے کشمیریوں سے استصواب رائے کا وعدہ کیا تھا اور ان بھارتی حکمرانوں کا حق ہے کہ وہ اپنے رہنما کے وعدے کو پورا کریں۔

(جاری ہے)

پرویزرشید نے بھارت کو خطے میں بہتر تعلقات کے لیے کشمیریوں کے دل جیتنے کا مشورہ دیا تاہم قراردادوں کی خلاف ورزی پر نقصان سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر پر وعدے پورے کیے بغیر ہندوستان سلامی کونسل کا رکن نہیں بن سکتا۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ کشمیرکے معاملے پرکسی جماعت کو کوئی اختلاف نہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن اور ترقی کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، اس دیرینہ مسئلے کے حل سے ہی خطے میں ناخواندگی اور غربت کا خاتمہ ہوسکتاہے۔

مقبوضہ وادی کے کشمیری اپنے حق خود ارادی کے لئے جدو جہد کررہے ہیں اور اس مقصد کے لئے پاکستان اپنے بھائیوں کی ہر ممکن اخلاقی، سفارتی اور سیاسی مدد جاری رکھے گا۔بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہاکہ پاکستان میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت خطے میں سب سے کم ہے جب کہ بحرانوں اور مسائل کے باوجود اعشاریوں میں تیزی سے بہتری آرہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں پٹرول کی قیمت دوسرے ممالک کی نسبت سب سے کم ہے، بھارت میں اس وقت 103 روپے جبکہ پاکستان روپے کے تناسب سے آسٹریلیا میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 92 اور جرمنی میں 144 روپے ہے۔پرویز رشید نے کہاکہ بیرون ملک پاکستانیوں کو نواز شریف پر اعتماد ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاری میں 19 فیصد اضافہ ہوا ہے اور معاشی اعشاریہ بھی بہتری کی طرف گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں ٹرانسپورٹ کرایوں اور روز مرہ اشیا کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے اقدامات کریں جب کہ اس حوالے سے وفاقی حکومت نے خطوط لکھ دیئے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پولیس، رینجرز اور مسلح افواج دہشت گردوں کا پیچھا کر رہے ہیں۔ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ پرویز رشید نے کہاکہ حکومت نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی کے خاتمے کا عزم رکھتی ہے انسداد دہشت گردی فورس کا قیام اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

ایک سوا ل کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ سال 2015ء میں گیس کے بحران پر قابو پا لیا جائے گا۔ ایک سوا ل کے جواب میں اْنہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر پندرہ ارب ڈالر سے بڑھ گئے ہیں پرویز رشید نے کہا کہ دو ہزار پندرہ بڑے منصوبوں کے آغاز او ردہشتگردی کے خاتمے کا سال ہوگا۔