ہالینڈ ، مسلح شخص کی نیوز چینل کے لائیوپروگرام میں گھس کرمطالبات منوانے کی کوشش،19 سالہ ملزم گرفتار، کیمسٹری کا طالبعلم ہے ، خفیہ ادارے کا کارکن ظاہرکرکے ٹی وی چینل میں داخل ہوا، پولیس

ہفتہ 31 جنوری 2015 03:53

ایمسٹرڈیم(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31جنوری۔2015ء )ہالینڈ کے شہر ہلورسم میں مسلح شخص ٹی وی چینل کے اسٹوڈیو میں داخل ہوگیا اور مطالبہ کرتا رہا کہ اسے لائیو کوریج دی جائے جب کہ ٹی وی پر مناظر آنے کے بعد فوری طور پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے حراست میں لے لیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہالینڈ کے ٹی وی چینل این او ایس میں پینٹ کوٹ میں ملبوس ایک شخص اس وقت داخل ہوا جب ایک سیاسی پروگرام براہ راست نشر کیا جا رہا تھا۔

سرپھرے نوجوان نے ٹی وی چینل کے دفتر میں داخل ہوکر پہلے عملے کو یرغمال بنایا اور پھر اسٹوڈیو پہنچ گیا جب کہ نوجوان کا مطالبہ تھا کہ اسے براہ راست نشریات میں وقت دیا جائے۔ ٹی وی چینل کے ڈائریکٹر کے مطابق مسلح شخص نے کالا سوٹ، سفید شرٹ اور کالی ٹائی باندھ رکھی تھی جو مرکزی اسٹوڈیو میں جانا چاہتا تھا لیکن گارڈ اسے اسٹوڈیو میں لے گیا جہاں سے خبرنامہ نشر کیا جارہا تھا تاہم ملزم کے کئی مطالبات تھے جن میں سے ایک 10 منٹ تک اسے براہ راست کوریج دینا بھی تھا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب چینل کی کوریج معطل ہونے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو اسٹوڈیو سے حراست میں لے لیا جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار 19 سالہ ملزم کیمسٹری کا طالب علم ہے جو اپنے آپ کو خفیہ ادارے کا کارکن ظاہر کر کے عمارت میں داخل ہوا اورانتظامیہ سے مطالبات کرنے لگا جب کہ ملزم نے اس دوران دھمکی دی کہ اس نے ملک کے مختلف علاقوں میں دھماکا خیز مواد نصب کر رکھا ہے اور اگر اسے براہ راست کوریج نہ دی گئی تو وہ دھماکے کردے گا۔

متعلقہ عنوان :