سینٹ ووٹنگ خفیہ نہیں بلکہ اوپن ہونی چاہیے ،کراچی کے امن وامان میں انفرادی طور پر رینجرز مسئلہ حل نہیں کرسکتے ، پولیس کو بھی شامل کیا جائے ، عمران خان ، کراچی میں تاجروں کو دھمکی پر وفاقی اور صوبائی حکومت نوٹس لے ، جوڈیشل کمیشن کے قیام پر انصاف کا مذاق بنایا جارہا ہے ، پیر کو الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر کرونگا، نواز شریف میرے سوالوں کا جواب دیں ، حکومت نے فوجی عدالتوں کا قیام عمل میں لا کر اپنی نااہلی ثابت کردی ، ملکی تاریخ میں اس طرح کی کرپٹ اور نااہل حکومت نہیں دیکھی ،حکومت پٹرول کی قیمت میں 20روپے کی کمی کرکے 58روپے فی لیٹر لائے ، حکومت نے عوام کے 300ارب روپے کا خون چوسا ہے، پاکستان میں پیسے والے لوگ ٹیکس نہیں دیتے،سینٹ میں انتخابات میں حصہ لینے کیلئے سینئر رہنماؤں کے درمیان مشاورت جاری ہے،پریس کانفرنس

ہفتہ 31 جنوری 2015 04:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31جنوری۔2015ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے سینٹ ووٹنگ خفیہ نہیں بلکہ کھلے عام ہونی چاہیے ، کراچی میں تاجروں کو دھمکیوں کی مذمت کرتے ہیں ، تاجروں کو دھمکی ملنا ملک کیخلاف سازش ہے ، کہ قوم بتائے اس وقت ملک میں جمہوریت ہے یا بادشاہت ہے ، حکومت نے فوجی عدالتوں کا قیام عمل میں لا کر اپنی نااہلی ثابت کردی ، ملک میں پٹرول بحران ، بجلی سرچارجز میں اضافہ ، امن وامان کی خراب صورتحال ، ٹیکس کی عدم ادائیگی ، ملکی تاریخ میں اس طرح کی کرپٹ اور نااہل حکومت نہیں دیکھی ،حکومت پٹرول کی قیمت میں 20روپے کی کمی کرکے 58روپے فی لیٹر لائے ، حکومت نے عوام کے 300ارب روپے کا خون چوسا ہے ، جوڈیشل کمیشن کے قیام پر انصاف کا مذاق بنایا جارہا ہے ، پیر کو الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر کرونگا ۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین نے بنی گالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں پیسے والے لوگ ٹیکس نہیں دیتے اور سارا ٹیکس عوام سے وصول کیاجاتا ہے حکومت نے عوام کا تین سو ارب روپے کا خون چوسا ہے انہوں نے کہا کہ بجلی میں پہلے تیرہ فیصد لائن لاسز تھے جو اب سارے اٹھارہ فیصد لائن لاسز کردیئے گئے ہیں اور ان تمام اضافی لائن لاسز کی قیمت عوام سے وصول کی جاتی ہے پٹرول پر عوام کو ریلیف نہیں ملا اور بجلی سرچارجز کو بڑھا دیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی جمہوری حکومت دیکھ رہا ہوں جسے اپنی عدالتوں پر اعتماد نہیں اور فوجی عدالتیں بنا دی جبکہ دہشتگردی کا بھی سارا بوجھ فوج پر ڈال دیا گیا ۔پٹرول بحران ملکی تاریخ میں نہیں آیا پہلی مرتبہ ملک میں اتنا بڑا پٹرول بحران آیا اور کسی بڑے نام نے استعفیٰ نہیں دیا حالانکہ اس سے اکانومی کو بڑی حد تک نقصان پہنچا۔ عالمی سطح پر پٹرول کی قیمت میں کمی آئی ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ پٹرول کی قیمتو ں میں کم از کم بیس روپے کمی لا کر عوام کو اٹھاون روپے لیٹر پٹرول فراہم کرے ۔

عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی 1990ء کی کیبنٹ کو آج کی کیبنٹ سے موازنہ کیاجائے تو نتیجہ عوام کو معلوم ہوجائے گا ۔ مسلم لیگ (ن) ترقی کی بجائے تنزلی کی جانب جارہی ہے 2013 ء کے انتخابات میں تمام جماعتوں نے دھاندلی کا کہا لیکن تحریک انصاف نے دھاندلی کیخلاف آواز اٹھائی اور آئین کے دائرہ کار میں مطالبہ کیا کہ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل د یاجائے تاکہ ملک کی عدلیہ دھاندلی کے حوالے سے فیصلہ کرے لیکن ملک میں انصاف کے نظام کوبھی مذاق بنا دیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ قوم بتائے اس وقت ملک میں جمہوریت ہے یا بادشاہت جبکہ عمران خان نے نواز شریف سے مخاطب ہو کر کہا کہ نواز شریف میرے سوالوں کا جواب دیں مجھے درباریوں سے جواب سننے کی ضرورت نہیں ہے ۔ پیر کو الیکشن کمیشن میں پٹیشن لے کر جاؤنگا اور وہاں پر الیکشن ٹربیونل میں انتخابات کے نتائج کے حوالے سے سست روی پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان کو آگاہ کرونگا ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس جاری ہے اور سینٹ میں انتخابات میں حصہ لینے کیلئے سینئر رہنماؤں کے درمیان مشاورت جاری ہے اس کے لیے کچھ وقت درکار ہے تاہم قوم کے سامنے جلد فیصلہ آجائے گا جبکہ عمران خان نے کراچی میں تاجروں کو ملنے والی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کو دھمکی ملنا ملک کیخلاف سازش ہے جس کا وفاق اور صوبائی حکومت کو نوٹس لیناچاہیے ہم تاجروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن طریقے سے ان کا ساتھ دینگے