امریکہ کی جنگ اپنے ملک پر مسلط کر نے کا آج خمیازہ بھگت رہے ہیں،خواجہ محمد آصف،سب کچھ سابق صدر پرویز مشرف کا کیا دھرا ہے، ضرب عضب آپریشن کی وجہ سے دہشت گردی کی وارداتوں کو کافی حد تک کنٹرول کرلیا ہے۔ پاکستان کے افغانستان کیساتھ تعلقات بہت بہتر ہوچکے ہیں اور حالیہ دہشت گردی کی جنگ میں مسلسل کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں، گفتگو

جمعہ 30 جنوری 2015 09:26

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30جنوری۔2015ء) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ امریکہ کی جنگ ہم نے خود اپنے ملک پر مسلط کی جس کا ہم آج خمیازہ بھگت رہے ہیں اور یہ سب کچھ سابق صدر پرویز مشرف کا کیا دھرا ہے اور ایک منصوبے کے تحت اس حکومت نے دہشت گردی کے نام پر عوام کو خوف میں مبتلاء کیا‘ آج ضرب عضب آپریشن کی وجہ سے دہشت گردی کی وارداتوں کو کافی حد تک کنٹرول کرلیا گیا ہے۔

اب پاکستان کے افغانستان کیساتھ تعلقات بہت بہتر ہوچکے ہیں اور حالیہ دہشت گردی کی جنگ میں مسلسل کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے یہ بات ایک خصوصی پروگرام میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر باراک اوباما بڑے ہی بول بچن کے ماسٹر ہیں۔ وہ جس ملک میں جاتے ہیں اس ملک میں جانے سے پہلے اپنے وزیر خارجہ یا سفارتکار کے ذریعے ہمسایہ ملک کو بھی تسلی دے دیتے ہیں اسی لئے امریکی صدر کو بول بچن کا ماسٹر کہا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا ایک لازوال رشتہ ہے اور اسی لئے چین ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے کام آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ توانائی بحران میں بھی چین جس انداز سے پاکستان میں انرجی منصوبوں میں مدد دے رہا ہے اور اس کی مثال بہت کم ملتی ہے۔ جلد ہی چین کے صدر پاکستان کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی طرف سے سعودی عرب جانے کی اجازت کی درخواست حکومت کو موصول نہیں ہوئی۔

اگر ایسی کوئی درخواست آئی تو اس کا فیصلہ وزارت داخلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹانک کے عوام 90 فیصد بجلی کا بل ادا نہیں کرتے اسلئے 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ کرنی پڑ رہی ہے۔ اگر ٹانک کے عوام بجلی کا بل دینا شروع کردیں تو ان کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کم کی جاسکتی ہے۔