حکام کی ملی بھگت، فیصل آباد میں گدھوں کے بعدمردہ مرغیوں کے گوشت کی فروخت ،شہریوں کے احتجاج پر اسسٹنٹ کمشنر کا پولیس کے ہمراہ چھاپہ ، 21من گوشت ضبط

جمعرات 29 جنوری 2015 08:39

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جنوری۔2015ء)فیصل آباد میں گدھوں اور مردار جانوروں کے گوشت کی فروخت کے بعد مردہ مرغیوں کا 21من گوشت قبضے میں لے کر تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ، خبر رساں ادارے کے مطابق فیصل آباد شہر اور گردونواح میں ایک عرصہ سے محکمہ لائیو سٹاک اور محکمہ حیوانات کی ملی بھگت سے شہر اور گردونواح میں مردار جانوروں کے علاوہ گدھے کا گوشت فروخت کرنے کی عام شکایت تھی شہری مسلسل احتجاج کررہے تھے مگر انتظامیہ کارروائی کرنے سے گریزاں تھیں چنانچہ شہریوں کے مسلسل احتجاج پر اسسٹنٹ کمشنر نے پولیس کے ہمراہ چھاپہ مار کر سمندری روڈ پر ایک ٹرک کو پکڑ کر جب اس کی تلاشی لی گئی تو اس سے مردار اور بدبو دار اکیس من مردہ مرغیوں کا گوشت برآمد ہوا ۔

ملزمان نے بتایا کہ یہ گوشت فیصل آباد شہر کے مختلف ہوٹلوں اور بیکریوں کو سپلائی کرنا تھا پولیس نے ملزمان ناصر احمد ، سرفرا ز اور منظور کیخلاف مقدمہ درج کرکے ان سے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کو معلوم ہوا ہے کہ ملزمان یہ دھندہ کئی ماہ سے کررہے تھے اور اس سلسلے میں محکمہ لائیو سٹاک اور حیوانات کو باقاعدہ رشوت دیتے تھے پولیس نے انتظامیہ کی نگرانی میں گوشت کو ضائع کردیا یاد رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ ‘ جعلسازی اور مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف بھر پور مہم شروع کر رکھی ہے اس سلسلے میں شہریوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ اگر کسی جگہ ملاوٹ اور انسانی صحت کے لئے ناقص و مضر صحت خوراک کی تیاری‘ مردار و حرام جانوروں کے گوشت کی فروخت کے بارے میں معلومات رکھتے ہوں تو فوری طور پر انتظامیہ اطلاع کریں ۔

متعلقہ عنوان :