لاہور ہائیکورٹ کی پنجاب بھر میں آکسیجن شارٹس کیفیز کیخلاف کاروائی کرنے کی ہدایت

جمعرات 29 جنوری 2015 08:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جنوری۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں آکسیجن شارٹس کیفیز کے خلاف کاروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب بھر کے ڈی سی اوز کو رپورٹ عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیا ہے ۔جبکہ اٹارنی جنرل کوہدایت کی کہ تین مارچ کو عدالت میں پیش ہو کر معاونت کریں ۔فاضل عدالت نے یہ حکم گلبرگ کے بلو لگان کیفے کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران دیا۔

گزشتہ روزمسٹر جسٹس فرخ عرفان خان کی عدالت میں ڈی سی او لاہور ڈاکٹر عثمان نے پیش ہو کر بتایا کہ آکسیجن شارٹس کے حوالے سے سخت کاروائی کر رہے ہیں ۔آکسیجن شارٹس کو منشیات قراردیاجائے جس کیلئے ڈرگ ایکٹ میں بھی ترمیم کی جانی چاہیے ۔لاء آفیسر نے بتایا کہ صوبائی و ضلعی حکومت کو اختیار ہے کہ وہ آکسیجن شارٹس کو منشیات قرار دے سکے ۔

(جاری ہے)

عدالت کو مزید بتایا گیا کہ آکسیجن شارٹس اتنا سخت نشہ ہے کہ بعض حالات میں یہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے ۔

جس پر فاضل عدالت نے قرار دیاکہ ایسے تمام ریسٹورنٹس کی مانیٹرنگ کریں جو آکسیجن شارٹس کا کام کر رہے ہیں اور ان کے خلاف سخت کاروائی کریں جس کی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی جائے ۔فاضل عدالت نے تمام ڈی سی اوز کو بھی ہدایت کی کہ اپنے اپنے اضلاع میں آکسیجن شارٹس کے خلاف کاروائی کریں اور رپورٹ عدالت میں پیش کریں ۔