اْردن کی طرف سے جہادی خاتون کی مشروط رہائی کی پیشکش

جمعرات 29 جنوری 2015 08:52

عمان (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جنوری۔2015ء )اْردن نے کہا ہے کہ وہ عراق کی جہادی خاتون کو اپنی جیل سے رہا کرنے کے لیے تیار ہے بشرطیکہ اسلامک اسٹیٹ اپنے قبضے میں لیے ہوئے ارْدن کے پائلٹ کو بغیر کسی نقصان کے رہا کر دے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق داعش نے گزشتہ روز منظر عام پر آنے والے ایک ویڈیو میں جاپانی یرغمالی کینجی گوٹو اور اْردن کے پائلٹ معاذ الیساسبہ کو آئندہ 24 گھنٹے میں قتل کر دینے کی دھمکی دی تھی۔

(جاری ہے)

اْدھر جاپانی حکومت نے کہا ہے کہ اْسے امید ہے کہ آئی ایس کی طرف سے دی جانے والی ڈیڈ لائن میں توسیع کر دی جائے گی۔ یہ ڈیڈ لائن بْدھ کو عالمی وقت کے مطابق دو بجے سہ پہر ختم ہو رہی ہے۔ جاپان نے گزشتہ ویک اینڈ پر آئی ایس کی طرف سے جاری ہونے والے اْس ویڈیو پیغام کے بعد سے اْردن حکومت کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ تیز کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اسلامک اسٹیٹ نے دوسرے جاپانی یرغمالی ہارونا یوکاوا کا سر قلم کر دیا ہے۔ جاپان نے اپنے ڈپٹی وزیر خارجہ کو ہنگامی مذاکرات کے لیے عمان روانہ کر دیا ہے۔