پاک بھارت مذاکرات میں تعطل باہمی اعتماد میں کمی کے باعث ہے‘ بھارتی ہائی کمشنر،بھارت امریکہ تعاون پاکستان کے تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہئے‘ ٹی سی اے راگھون کا تقریب سے خطاب

جمعرات 29 جنوری 2015 09:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جنوری۔2015ء) پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھون نے کہا ہے کہ پاک بھارت مذاکراتی عمل میں تعطل باہمی اعتماد میں کمی کے باعث ہے‘ پاکستان میں اب بھی کچھ جنگجو گروپوں کو آزادی حاصل ہے اور اس ماحول میں بات چیت کیسے ہوسکتی ہے۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2008ء میں اقوام متحدہ نے جماعت الدعوة پر پابندی عائد کی تھی اور تب سے لے کر اب تک حافظ محمد سعید کی سرگرمیاں سب کے سامنے عیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر پاک بھارت افواج کے درمیان تناؤ اور کشیدگی کا ماحول ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے درمیان مذاکرات کا تعطل دوطرفہ اعتماد کے فقدان کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کچھ ایسے مسائل ہیں جنہیں حل کیا جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت امریکہ تعان کو پاکستان کے تناظر میں نہیں دیکھنا چاہئے بلکہ بھارت اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے اور امریکہ کیساتھ حالیہ ایٹمی معاہدہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلقات میں مزید بہتر کی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت الدعوة 2008ء میں اقوام متحدہ نے پابندیاں عائد کی تھیں اس کے بعد اس کا کردار کیا رہا اس پر پاکستان کو توجہ دینا ہوگی۔