امریکہ بوکو حرم کیخلاف جنگ میں نائیجیریا کی مددکیلئے تیار رہے،جان کیری،ملک میں پرامن اور بروقت انتخابات کا انعقادناگزیر ہے،امریکی وزیر خارجہ کی گفتگو

منگل 27 جنوری 2015 08:13

لاگوس(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جنوری۔2015ء)امریکہ بوکوحرم شدت پسندوں کو شکست دینے کے لئے نائیجیریا کی مزید مدد کے لئے تیار ہے ، یہ بات امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے کہی اور وعدہ کیا کہ واشنگٹن انسداد دہشت گردی کے لئے حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے لاگوس کے دورے کے موقع پر حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہم نائیجیرین فوج کی اس جنگ میں بھرپور مدد جاری رکھیں گے ، بوکو حرم مسلسل بڑی تعداد میں معصوم شہریوں کو ہلاک کررہا ہے ۔

کیری ، جنہوں نے صدر گڈلگ جوناتھن اور ان کے آئندہ کے انتخابات میں مرکزی حریف کے ساتھ ملاقاتیں کیں ، ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نائیجیریا کے ساتھ گہرائی میں مذاکرات کررہاہے ، تاہم مزید کہاکہ ہم مزید بہت کچھ کرنے کے لئے تیار ہیں۔دریں اثناء امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے گزشتہ روز کہا ہے کہ نائیجیریا میں پرامن اور بروقت انتخابات کا انعقادناگزیر ہے جہاں ملک بوکو حرم کی جانب سے ایک خونریز مزاحمت سے لڑ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ انتہائی ناگزیر ہے کہ یہ انتخابات پرامن طور پر منعقد ہوسکیں ۔عالمی برادری اس اس انتخاب پر انتہائی قریبی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔نائیجیریا کے شمال مشرقی بعید علاقے میں بوکو حرم کے تشدد کی وجہ سے 14فروری کو ہونیوالے انتخابات کے بروقت انعقاد سے متعلق خدشات جنم لے رہے ہیں ، تاہم کیری کا کہنا تھا کہ یہ لازمی ہے کہ انتخابات بروقت اور شیڈول کے مطابق ہوں۔